جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک بھرمیں جاری احتجاج اور دھرنے صبح تک روکنےکا اعلان کردیا۔
پارلیمنٹ لاجز کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صبح 9 بجے تک ہمارے رہنماؤں اور رضاکاروں کو نہ رہا کیا گیا تو دوبارہ سڑکوں پر آئیں گے۔
صحافی نے مولانا فضل الرحمان سے سوال کیا کہ اگر آپ کو گرفتار کرلیا گیا تو ؟ جس کا مسکراتے ہوئے انہوں نے جواب دیا کہ پھردم مست قلندر ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ لاجز میں پولیس آپریشن اور اس کے نتیجے میں جے یو آئی کے ارکان قومی اسمبلی کی گرفتاری پر حکومت کیخلاف اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو ملک بھر سے اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جو کارکن اسلام آباد نہ پہنچ سکے وہ اپنے اپنے علاقوں میں سڑکوں کو جام کردیں۔خیال رہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے محافظ دستے انصار الاسلام کے کارکنوں کی موجودگی پر اسلام آباد پولیس نے آپریشن کرکے متعدد گرفتاریاں کیں۔
اطلاعات کے مطابق پولیس نے 10 افراد کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں جے یو آئی کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی، جمال الدین اور جے یو آئی اسلام آباد کے ترجمان مفتی عبداللہ بھی شامل ہیں۔