وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت ہیلتھ سسٹم میں جو کرنے جارہی ہے وہ نظام شاید ہی دنیا میں کہیں اور ہو۔
اسلام آباد میں صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے صحت کارڈ کا بہت بڑا اقدام اٹھایا ہے، ہر خاندان کے پاس 10 لاکھ روپے کا ہیلتھ کارڈ ہو گا، صحت کارڈ پر سرکاری اسپتال کے علاوہ پرائیویٹ اسپتال میں بھی علاج کرایا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے برطانیہ کے صحت کے نظام نے متاثر کیا، برطانیہ کا ہیلتھ سسٹم دنیا میں سب سے اچھا سسٹم ہے لیکن جو ہم کرنے جا رہے ہیں ایسا پروگرام دنیا میں شاید ہی کہیں ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سسٹم صرف اشرافیہ کے لیے بن گیا تھا لیکن صحت کارڈ کے ذریعے کوئی بھی شخص نجی اسپتالوں میں علاج کرا سکتا ہے، ماضی کے حکمرانوں کو کھانسی بھی ہوتی تھی تو علاج کے لیے بیرون ملک چلے جاتے تھے جبکہ میانوالی جیسے پسماندہ علاقوں سے لوگوں کو سرکاری اسپتالوں میں علاج کے لیے راولپنڈی جانا پڑتا تھا۔
ساڑھے 400 ارب روپے ہیلتھ کارڈ پر خرچ کیے جا رہے ہیں: وزیراعظم
عمران خان کا کہنا تھا کہ جتنی مہم عثمان بزدارکے خلاف چلی اتنی کسی وزیراعلیٰ کے خلاف نہیں چلی، سروے آیا تو عثمان بزدار سب سے زیادہ کامیاب وزیراعلیٰ بن گئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی عوام دیتی ہے، جب عوام ملک کو اپنا مانتی ہے تب قوم کھڑی ہوتی ہے، ساڑھے 400 ارب روپے ہیلتھ کارڈ پر خرچ کیے جا رہے ہیں، 5 مدر اینڈ چائلڈ اسپتال بنا رہے ہیں، ہم دنیا کے لیے ایک مثال بنیں گے کہ فلاحی ریاست کیا ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ اسپتالوں کو سہولتیں دے رہے ہیں، پرائیویٹ اسپتالوں کو سستی زمینیں بھی مہیا کر رہے ہیں۔