کراچی (22 اگست 2024): پاکستان تحریک انصاف (سندھ) کے نائب صدر رضوان خانزادہ نے کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک مدرسے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک 7 سالہ معصوم بچے پر بے رحمانہ تشدد نے معاشرتی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
رضوان خانزادہ نے کہا، "یہ واقعہ نااہل قاری کی حیوانیت کا عکاس ہے، جو معصوم بچوں کو تحفظ دینے کے بجائے انہیں تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔ ایسے واقعات ہماری معاشرتی اقدار اور اخلاقی زوال کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام کو فوراً حرکت میں آکر اس درندہ صفت قاری کو قرار واقعی سزا دلوانی چاہیے۔ "ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مجرم کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کی وحشیانہ حرکت کرنے سے پہلے سو بار سوچے۔”
رضوان خانزادہ نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں اور اس طرح کے واقعات کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوں۔