حکومت بچاؤ مشن: وزیراعظم کی کراچی آمد، ایم کیو ایم کے مرکز پر قیادت سے ملاقات

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں۔

وزیر اعظم کے ہمراہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزراء بھی کراچی پہنچے ہیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ کراچی پہنچنے والوں میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور علی زیدی بھی شامل ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کراچی پہنچنے کے بعد سیدھا ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد پہنچے جہاں ایم کیو ایم کی قیادت اور پی ٹی آئی اراکین نے ان کا استقبال کیا اور اب عمران خان اور ایم کیو ایم قیادت کے درمیان ملاقات جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور سکیورٹی اسٹاف نے متعدد اراکین اسمبلی کی بھی تلاشی لی ہے جبکہ عملے نے پنڈال میں موجود تمام افراد کو موبائل کے استعمال سے بھی روک دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نیشنل اسٹیڈیم میں احساس پروگرام کے تحت تقریب میں شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم سے گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی اور  پارٹی رہنما ملاقات کریں گے۔

تاہم وزیر اعظم کی پیر پگارا سے ملاقات نہیں ہو سکے گی، جی ڈی اےرکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے کہاکہ پیر پگارا کی طبیعت ناسازی کےباعث ملاقات نہیں ہو گی، پیرصدرالدین شاہ ذاتی مصروفیات کے باعث خیرپور میں ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم گورنر ہاؤس میں عوامی اجتماع میں شرکت اور خطاب بھی کریں گے اور آج شام ہی واپس روانہ ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی جس پر وزیراعظم عمران خان نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی، یہ اپوزیشن کی آخری واردات ہے، اس کے بعد 2028 تک کچھ نہیں ہو گا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*