
کراچی (اسٹاف رپورٹر )
احتساب عدالت نمبر 1 کی جج محترمہ تسلیم سلطانہ نے سابق چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن اور دیگر کے خلاف دائر ریفرنس عدم ثبوت کی بنا ء چیئرمین نیب کو واپس کر دیا ۔قومی احتساب بیورو کی جانب سے سابق چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن اور دیگر پر کراچی میںچھ ایکڑ زمین الاٹ کرنے کا ریفرنس نمبر 8/2018 احتساب عدالت میں دائر کیا گیاتھا ۔ محمد صدیق میمن کی جانب سے ’’دائرہ اختیار‘‘ کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے نیب حکام سے پوچھا کہ کیا نیب کے پاس اس بات کے ثبوت ہیں کہ زمین کی الاٹمنٹ سے انہوں نےکوئی ذاتی مالی فائدہ حاصل کیایااس عمل سے حکومت سندھ کو کوئی مالی نقصان پہنچا ہے تو اس کےشواہد پیش کریں ۔ اس پر نیب حکام نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی ثبوت نہیں ہیں جس پر عدالت نےکہا کہ زمین کی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی ان کے خلاف ذاتی فائدہ اٹھانے کے شواہد موجود ہیں اس لئے یہ ریفرنس قابل سماعت نہیں ہے۔ عدالت نے یہ ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس کردیا ۔