اسپتال کے احاطے میں غیر قانونی طور پر فارمیسی اور کینٹین کی تعمیر جاری ہے
مئیر کراچی کانام استعمال کرکے کی جانیوالی تعمیرات میں مخصوص این جی او کو نوازا جارہاہے
عباسی شہید اسپتال میں اہم شعبے بند, ادویات ناپید,الٹراساونڈ, ایکسرے, لیب ٹیسٹ غیر فعال ہیں۔ تمام بنیادی سہولیات کا فقدان ہے
کراچی(رپورٹ: کامران شیخ)
کراچی کے عباسی شہید اسپتال میں عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزی , اسپتال کے احاطے میں غیر قانونی کینٹین اور فارمیسی کی تعمیرات جاری ہے, ذرائع کے مطابق اسپتال انتظامیہ اور این جی او کی ملی بھگت سے مئیر کراچی کا نام استعمال کرکے تعمیرات کی جارہی ہے, بلدیہ عظمٰی کراچی کے سب سے بڑے اسپتال عباسی شہید میں جہاں نا تو مریضوں کو ادویات میسر ہیں اور نہ ہی کوئی بنیادی سہولیات موجود ہیں وہاں پر غیر قانونی طور پر کینٹین اور فارمیسی کی تعمیر اعلٰی حکام کے لیے بھی سوالیہ نشان ہے,
اسپتال کی او پی ڈی کے مرکزی دروازے کے سامنے ہی مذکورہ تعمیرات جاری ہے جبکہ واضح رہے کہ عدالتی احکامات کےمطابق اسپتال کے احاطے میں کسی بھی قسم کی کوئی کمرشل سرگرمی کرنے پر پابندی عائد ہے اسکے باوجود اسپتال انتظامیہ اور این جی او کی ملی بھگت سے یہ سلسلہ جاری ہے, ذرائع کے مطابق نہ صرف ایک جگہ بلکہ شعبہ ایمرجنسی کے پاس قائم ہوپس میڈیکل کے پاس بھی این جی او کو باقاعدہ کمرشل کاموں کے لیے جگہ فراہم کی گئی ہے, واضح رہے کہ عباسی شہید اسپتال میں تمام بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ یہاں آنیوالے مریض اور تیماردار خون کے آنسو روتے نظر آتے ہیں۔
جگہ جگہ گندگی, غلاظت اور کچرے کے ڈھیر, گندے واش رومز, ایکسرے کی فلمیں کئی سالوں سے دستیاب نہیں, لیبارٹری اور الٹراساونڈ سمیت اہم شعبہ جات مکمل طور پر بند ہیں جبکہ چند ایک شعبے جو فعال ہیں وہاں گندگی, غلاظت اور اسٹاف کی عدم دستیابی کا سامنا ہے اس صورتحال میں غیر قانونی تعمیرات ہونا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوال اٹھانے کے ساتھ کرپشن کو بھی بینقاب کررہاہے۔ واضح رہے کہ جس این جی او کو نوازا جارہاہے وہ اس سے قبل کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز سمیت دیگر مقامات پر بھی غیر قانونی اقدامات میں ملوث ہے, نمائندہ قومی اخبار نے جب غیر قانونی تعمیرات پر عباسی اسپتال کے ڈائریکٹر فیصل صمدانی سے موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا تو انکا کہنا تھا کہ ہمارے پاس این جی او کا پرپوزل آیا تھا جو ہم نے اپنے محکمے کو بھیجا اور محکمے کی اجازت کے بعد یہ فارمیسی اور کینٹین تعمیر کی جارہی ہے