پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر، ٹک ٹاکر اور نامور یوٹیوبر ربیکا خان نے بھی آخر کار عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔
خوبصورت نین نقش اور دلکش انداز گفتگو کے سبب سوشل میڈیا پر انفرادی پہچان حاصل کرنے والی ربیکا خان ان دنوں سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں سے لمحہ بہ لمحہ دلکش تصاویر اور ویڈیوز سے صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
ربیکا خان کی جدہ میوزک سیزن میں شرکت:
حال ہی میں سعودی عرب کے شہر جدہ میں ‘جدہ سیزن’ کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان اور انڈونیشیا میوزیکل نائٹ میں بھارتی گلوکاروں کے بعد 2 اگست کی شب پاکستانی گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
اس میوزیکل نائٹ میں جہاں پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ اور بلال سعید بھی مدعو تھے وہیں ٹک ٹاکر ربیکا خان کی شرکت بھی سب کی توجہ کا مرکزبنی ہوئی تھی۔
جدہ پرفارمنس کے بعد عمرہ ادائیگی:
اس میوزیکل نائٹ میں پرفارم کرنے کے بعد کئی شخصیات نے عمرہ ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ کا رخ کیا ان میں ایک نام سرفہرست گلوکارہ آئمہ بیگ تھا جنہیں موسیقی کی تقریب کے فوراً بعد اللہ کے گھر کی حاضری دیتے دیکھا گیا۔
بعدازاں آئمہ بیگ کے بعد عمرہ ادا کرنے والوں کی فہرست میں ربیکا خان بھی شامل ہوگئیں جنہوں نے اپنی فیملی کیساتھ پہلا عمرہ ادا کیا۔
ربیکا خان کی عمرہ ادائیگی کی روح پرور ویڈیو:
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ربیکا خان نے ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں اپنے والد اور بھائی کے ہمراہ عمرہ ادا کرتے دیکھا گیا۔
اس روحانی سفر کے دوران ربیکا خان کو سفید عبایا میں ملبوس دیکھا گیا جو خانہ کعبہ کو پہلی بار اپنی نظروں کے سامنے دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور اشکبار ہوگئیں۔
روح پرور اور دلوں کو چھو لینے والی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ربیکا خان نے پوسٹ کے کیپشن میں اللہ کا شکر ادا کیا اور لکھا کہ،’الحمدللہ! اللہ تیرا شکر ہے کہ میرا عمرہ کرنے کا خواب پورا ہوا۔ تیری رحمتیں اور برکتیں بے شمار ہیں.. الحمدللہ سبحان اللہ، ماشاءاللہ’۔
صارفین کا ردعمل:
دوسری جانب ربیکا خان کی اس ویڈیو پر صارفین انہیں عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے نظر آرہے ہیں۔ جن میں ربیکا خان کے منگیتر حسین ترین سمیت دیگر ٹک ٹاک اسٹارز شامل ہیں۔