رحیم یار خان کے شہر صادق آباد کے علاقے بستی چناوڑ میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق اور 1 زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ صدر کی حدود میں پیش آیا، فائرنگ کرنے والے آپس میں کزن تھے اور فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ شادی کی خوشی میں دلہے کے رشتہ دار کررہے تھے، پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایک ماہ قبل ہی فیصل آباد میں شراب کے نشے میں دھت نوجوانوں نے شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کر کے حکومت کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا۔
یہ واقعہ فیصل آباد میں تھانہ غلام محمد آباد کے علاقے سدھو پورا میں پیش آیا تھا جہاں شادی کی تقریب کے دوران شراب کے نشے میں دھت نوجوانوں نے حکومت کی پابندیوں کے باوجود ہوائی فائرنگ کنا شروع کر دی جس کی فوٹیج بول نیوز کو موصول ہو گئی تھی۔
تقریب کے شرکاء نے بھی نوجوانوں کو فائرنگ کرنے سے روکنے کی کوشش کی پر ناکام ہو گئے۔
فوٹیج سامنے آنے پر سی پی او غلام مبشر میکن نے کیس پر نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
ایس پی لائلپور ٹاؤن احمد ارسلان کی سربراہی میں پولیس نے چھاپے مار کے واقعہ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔