
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا حکومتی فیصلہ فسطائیت کی مثال ہے۔
ایک بیان میں حکومتی فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جمہوری معاشروں میں ان فیصلوں کی کوئی گنجائش نہیں، آمرانہ سوچ پر یقین رکھنے والی جماعتیں ہی ایسے غاصبانہ فیصلے کر سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے معاملے پر کافی دیر سے غور جاری تھا، پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ اگلے کابینہ اجلاس میں آسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا ہے، کیا فیصلہ ہوچکا ہے کہ آئین جو مرضی کہے ایک پارٹی کو وہ دیا جائے گا جس کا اسے حق نہیں۔