سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر پی ٹی آئی کا ردعمل

سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے ردعمل دیا ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ عدالتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، فیصلے سے انصاف کا علم بلند ہوا۔

شبلی فراز نے کہا کہ سیاسی تاریخ میں آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، فارم 47 کے ذریعے لوگ منتخب کروائے گئے، جب تک ہماری تمام سیٹیں واپس نہیں ملتیں جدوجہد جاری رہے گی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستیں تو مل گئیں، فارم 47 کے ذریعےچھینی گئی سیٹیں بھی دی جائیں۔

’سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا‘

ان کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 25 کروڑ عوام  اور جمہوری قوتوں کے لیے خوشی کا دن ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، سپریم کورٹ کے 11 ججز نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کیلئےحق و انصاف کا فیصلہ دیا، آج 25 کروڑ عوام، جمہوری اور محب وطن قوتوں کے لیے خوشی کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام رب کا شکر ادا کریں اور نوافل ادا کریں، پی ٹی آئی کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا، ہمارا حق آخر کار ہمیں مل گیا ہے، ہر ججز نے اپنے نوٹ میں یہی کہا کہ پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کی حق دار ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آٹھ پانچ کے تناسب سے فیصلے میں یہی کہا گیا ہے کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو ملیں، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے احکامات پر فوراً عمل کرے، الیکشن کمشن پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کا سرٹیفکیٹ اسی ہفتے دے۔

’طاقتور اور جابر کے ارادوں کو عدالت نے مات دی‘

علاوہ ازیں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا آج سنہرا دن ہے، پاکستان کی تاریخ میں آج کا دن اہم ہے، جب طاقتور اور جابر کے ارادوں کو عدالت نے مات دی۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہماری مخصوص نشستیں مال غنیمت سمجھ کر بانٹنے کے ارادے پاش پاش ہوگئے، آج کا دن ہمارے آئین کے لیے بہت بڑا دن ہے، جب آئین کا حلیہ بگاڑنے والوں کے ارادے پاش پاش ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی 8 فروری کی رائے کو سلب کیا گیا، ہماری منزل عوام کی رائے کو منوانا ہے، ابھی قانونی جنگ جیتی ہے، سیاسی جنگ بھی جیتنی ہے۔

سلما ن اکرم نے کہا کہ ہماری منزل جمہوریت اور آئین کی بالادستی اور عوام کے ارادے سلب کرنے والوں کی شکست ہے، ہم ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔

’آج بھی قیدیوں کی وین شاہراہ دستور پر دکھائی دی‘

دوسری جانب علی محمد خان نے کہا کہ عوام کو آئین کی جیت مبارک ہو، آج بھی قیدیوں کی وین شاہراہ دستور پر دکھائی دی، شاہراہ دستور پر قیدیوں کی وین اور بڑے بڑے ٹرک لانے کا سلسلہ بند کرو۔

علی محمد خان نے کہا کہ ملک کو کالے کوٹ نے بنایا تھا، قائد اعظم کا فرمان تھا سب لوگ اپنا اپنا کام کریں، قائد اعظم نے کہا تھا پالیسی سویلین بنائیں گے اور ادارے اس پر عمل درآمد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج آئین کی جیت ہوئی ہے، کام ابھی ادھورا ہے، ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔

علاوہ ازیں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر فوری مستعفی ہوجائیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ آج عمران خان کی جیت ہے اور آج کا دن عمران خان کے نام ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے ہیں۔

پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم  قرار دے کر مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا گیا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*