ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپئن بھارتی ٹیم ورلڈ کپ اٹھانے کے بعد اگلے ہی میچ میں زمبابوے سے شکست کھا بیٹھی۔
ہرارے میں کھیلے گئے اس لو اسکورنگ میچ میں زمبابوے نے بھارت کو 13 رنز سے شکست دے دی۔
ہوم ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 115 رنز بنائے۔ کلائیو مناڈے 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ڈائن مائرز نے 23، برائن بینٹ نے 22 اور ویسلے مادھیورے نے 21 رنز کی اننگز کھیلیں۔
بھارت کی جانب سے روی بشنوئی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، واشنگٹن سندر نے دو جبکہ اویش خان اور مکیش کمار نے ایک ایک وکٹ لی۔
116 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عالمی چیمپئن ٹیم آخری اوور میں 102 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان شبمن گل 31 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
زمبابوے کے سکندر رضا اور ٹینڈائی چتارا نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا کوئی پلیئر میچ میں شامل نہیں تھا جبکہ زمبابوے ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےلیے کوالیفائی کرنے والی 20 ٹیموں میں شامل نہیں تھی۔
علم میں رہے کہ 2016 کے بعد کسی بھی فارمیٹ میں بھارت کے خلاف زمبابوے کی یہ پہلی فتح ہے۔