18877 ارب کا بجٹ 8500 ارب کا خسارہ، تنخواہ اور پنشن میں 25 فیصد تک اضافہ، کم از کم 37 ہزار، دفاعی بجٹ 2122 ارب

اسلام آباد(تنویر ہاشمی) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئندہ مالی سال25- 2024 کیلئے 18ہزار877 ارب روپے حجم کا وفاقی بجٹ پیش کر دیا گیا ہے، بجٹ میں ساڑھے 8 ہزار ارب روپے خسارہ ظاہر کیا گیا جو جی ڈی پی کا 5.9 فیصد بنتا ہے۔

بجٹ کے مجموعی حجم کا نصف 9775ارب روپے قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کیلئے مختص کیے گئے ہیں، محصولات/وصولیوں کا تخمینہ 12970ارب روپے لگایا گیا ہے جس میں صوبوں کا حصہ 7438ارب روپے رکھا گیا ہے.

گریڈ 16تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اور گریڈ 17 سے اوپر تک 20فیصد اضافہ کیا گیا ہے،ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا، بجٹ میں دفاعی امور اور خدمات کیلئے 2122ارب روپے، کم از کم اجرت 37ہزار روپے کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے، پنشن کی ادائیگی کیلئے 1014 ارب روپے.

سول انتظامیہ کے اخراجات کیلئے 839ارب ر وپے مختص کیے گئے ہیں، ترقیاتی پروگرام کیلئے 1500ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں 100ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مختص کیے گئے ہیں ، ایف بی آرکے ٹیکس ریونیو کا ہدف 12970ارب روپے مقرر کیے گئے ہیں ، نان ٹیکس ریونیو کا ہدف 4845ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیاہے، جاری حکومتی اخراجات کیلئے 839ارب روپے ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلیے 313ارب روپے رکھے گئے ہیں .

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے، گریڈ ایک سے 16تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25فیصد، گریڈ17سے 22تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20فیصد اضافہ کیا گیا ہے، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 15فیصد اضافہ کیاگیا ہے، کم سے کم ماہانہ تنخواہ 32ہزار روپے سے بڑھا کر 37ہزار روپے کر دی گئی ہے.

آئندہ مالی سال اقتصادی شرح نمو کا 3.6فیصد رہنے کا امکان ہے، مہنگائی کی شرح 12فیصد متوقع ہے، پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا ایک فیصد ہوگا۔آئندہ مالی سال کے 666ارب روپے بیرونی قرضہ لیا جائیگا، مقامی قرضہ 7803ارب روپے لیا جائیگا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پنشن کے اخراجات میں کمی کیئے سہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی ، اسکے تحت موجودہ پنشن سکیم میں اصلاحات لائی جائیں گی، نئے ملازمین کیلئے کنٹریبوٹری پنشن اسکیم متعارف کرائی جائیگی جس میں حکومت کی کنٹربیوشن ہر ماہ ادا کی جائے گی پنشن کی لائیبلٹی کو بہترکر نے کیلئے پنشن فنڈ قائم کیا جائیگا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ برآمدات اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیلئے نئے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے، پی ایس ڈی پی میں اس حوالہ سے متوازن ترقی کیلئے اقدامات کوشامل کیا گیا ہے، اس ضمن میں نجی شعبہ کا کردارکلیدی اہمیت کاحامل ہے، حکومت نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کررہی ہے، سرکاری اورنجی شعبہ کے درمیان تعاون سے تمام فریقوں کویکساں فائدہ پہنچے گا

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*