چئیرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ پروفیسر نسیم میمن کا فوری نوٹس, اعلی افسران کو شکایت بھیج دی گئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کامیابی سے جاری ہیں۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر نسیم احمد میمن نے گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج کورنگی نمبر ڈھائی میں غیرقانونی طور پر پولیس ہیلپ لائن 15کے پولیس اہلکاروں کے زبردستی داخل ہونے اور امتحانی عملے کو ہراساں کرنے پر نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ رینجرز و پولیس افسران سے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کیلئے رابطہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج کورنگی نمبر ڈھائی کے امتحانی مرکز میں پولیس ہیلپ لائن 15 کے پولیس اہلکار موبائل فون چوری کے جھوٹے الزام پر زبردستی داخل ہوئے۔ پولیس اہلکاروں نے امتحانی عملے کو گرفتار کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے تھانے لے جانے کی کوشش کی۔ اس دوران امتحانی عملے کی ایک خاتون پروفیسر کو ہراساں کیے جانے پر واش روم میں پناہ لینا پڑی۔ اطلاع ملنے پر چیئرمین انٹربورڈ کی ہدایت پر بورڈ کے کنٹرول روم سیل کی پروفیسر فیروز الدین صدیقی، پروفیسر محمد نہال اختر اور پروفیسر شبانہ افضل پر مشتمل ٹیم فوری طور پر کالج پہنچی مگر اس وقت تک پولیس اہلکار وہاں سے جاچکے تھے۔ کنٹرول روم سیل ٹیم نے امتحانی عملے سے اس افسوسناک واقعہ کی معلومات حاصل کر کے رپورٹ جمع کروادی ہے۔ علاوہ ازیں امتحانات کے دوران مختلف امتحانی مراکز پر 3 نقل کے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 2 افراد کو اصل امیدواروں کی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑا گیا۔
Loading...