عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ یوکرین سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی تعداد 5 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔
انجلینا جولی نے فوٹواینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر یوکرین کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے چند تصاویر شیئر کی ہیں۔
اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ’گزشتہ کئی دنوں میں 0.5 ملین یعنی 5 لاکھ سے زائد افراد یوکرین سے ہمسایہ ممالک میں نقل مکانی چکے ہیں‘۔
اُنہوں نے لکھا کہ ’اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (UNHCR) کا اندازہ ہے کہ اگر صورتحال مزیدخراب ہوئی تو یہ تعداد 40 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے‘۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ’اس وقت یہ اہم ہے کہ یوکرین کے شہریوں پناہ دینے والے ممالک تنازعات اور عدم تحفظ سے فرار ہونے والے تمام افراد کا خیرمقدم کرتے رہیں‘۔
واضح رہے کہ 24 فروری کو روس نے اپنے پڑوسی ملک یوکرین پر حملہ کر دیا تھا۔
اس لڑائی میں اب تک دونوں جانب سے ایک دوسرے کے سیکڑوں فوجیوں کو ہلاک کرنے اور بھاری نقصان پہنچانے کے دعوے سامنے آئے ہیں۔