اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی سستی کرنے کا اعلان کردیا۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں آج بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہیں۔ اگر حکومت ہر مہینے 70 ارب روپے کی سبسڈی نہ دے تو پاکستان میں آج پیٹرول کی قیمت 220 روپے فی لیٹر ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سمری بھیجی جس میں کہا گیا کہ 10 روپے فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھانی پڑے گی کیوں کہ دنیا میں تیل مہنگا ہوچکا ہے، لیکن میں آپ کو خوشخبری سنانا چاہتا ہوں کہ بجائے 10 روپے بڑھانے کے ، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ 10 روپے پیٹرول اور ڈیزل کو ہم کم کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے 5 روپے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس اقدام سے 20 سے 50 فیصد تک بجلی کے بل کم ہوجائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ سے قبل پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
قوم سے خطاب میں وزیراعظم کہنا تھا کہ وہ پہلے دن سے امریکی جنگ میں پاکستان کی شمولیت کیخلاف تھے جس کا پاکستان کو کافی نقصان اٹھانا پڑا۔
وزیراعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کی کہ اگر آپ آزاد خارجہ پالیسی چاہتے ہیں تو کبھی اس پارٹی کو ووٹ نہ دیں جس کے سربراہ کی دولت بیرون ملک پڑی ہو، ایسے لوگ کبھی آزاد خارجہ پالیسی نہیں بنا سکتے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیاکی صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے، بدلتی صورتحال کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں، خارجہ پالیسی اپنے ملک کے مفادات کیلئے ہونی چاہیے، جب سے سیاست شروع کی خواہش تھی پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی ہو۔
انہوں نے کہا کہ آزاد قوم کا مطلب ہوتا ہے وہ پالیسی ہو جو قوم کے مفاد میں ہو، امریکا کی دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کا کوئی لینا دینا نہیں تھا، ہمیں امریکا کی دہشتگردی کےخلاف جنگ میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا، بدقسمتی سے وہ خارجہ پالیسی پاکستانیوں کےفائدے کیلئے نہیں تھی، 80 ہزار پاکستانیوں کی جانیں گئیں، شرمناک بات یہ تھی کہ ایک ملک کسی ملک کیلئے جنگ کر رہا ہے اور اسی پر بمباری ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فوجی آمر تو چاہتے ہیں کہ دنیا ان کو مانے اور تسلیم کرے لیکن حیران کن طور پر مشرف کے دور میں صرف 10 ڈرون حملے ہوئے جبکہ آصف زرداری اور نوازشریف کے جمہوری دور میں 400 ڈرون حملے ہوئے، یہ توجمہوری حکومتیں تھیں انہیں امریکا کو کہنا چاہیے تھا کہ بچے اور عورتیں مر رہے ہیں، امریکی صحافی نے لکھا کہ زرداری نےکہا ڈرون حملوں میں بےگناہوں کے مرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
دورہ روس کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ روس جانے کا مقصد گندم اور گیس کی درآمد کے معاہدے کرنا تھا۔
’ایک صحافی نے لکھا کہ عمران خان کی بیوی گھر چھوڑ کر چلی گئی ہے‘
وزیراعظم نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے کہا کہ یہ قانون 2016 میں بنایا گیا، ہم صرف اس میں کچھ ترامیم کرنے جا رہے ہیں، اس قانون پر کافی شور مچا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قانون کو لانے کا مقصد یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر جس طرح کا گند آرہا ہے کہ اسے کنٹرول کرنا ضروری ہے، چائلڈ پورنوگرافی کی بھرمار ہے، ایسا مواد کسی مہذب دنیا کے سوشل میڈیا پر نہیں جیسا ہمارے ہاں موجود ہے۔ سوشل میڈیا پر وزیراعظم کو بھی نہیں بخشا جارہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایک صحافی نے لکھا کہ عمران خان کی بیوی گھر چھوڑ کر چلی گئی ہے، وزیر اعظم کے ساتھ ایسا ہو رہا ہے سوچیں عام لوگوں کےساتھ کیا ہوتا ہوگا، کہا جا رہا ہے کہ آزادی صحافت پر پابندی لگ گئی ہے لیکن ایسا کچھ نہیں، یہ جعلی خبروں کی روک تھام کیلئے ہے، حقیقی صحافی تو اس قانون سے خوش ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جب ایک صحافی نے نواز شریف کے خلاف لکھا تو نواز شریف نے اسے 3 دن بند کردیا، میں نےساری زندگی تنقید دیکھی ہے، اچھی صحافت معاشرے کا اثاثہ ہیں، تنقید ہمیں آگاہ کرتی ہے، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کیلئے کہا گیا کہ جادو اور ستاروں کے ذریعے چنا گیا، آزادی صحافت پر پابندی کی بے بنیاد باتیں پھیلائی جارہی ہیں۔
مجھے خوف ہے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں ابھی نیچے نہیں آئیں گی اور گیس کی قیمت بھی اوپر جائے گی
انہوں نے کہا کہ مجھے خوف ہے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں ابھی نیچے نہیں آئیں گی اور گیس کی قیمت بھی اوپر جائے گی، ساتھ ہی جو روس سے ہمیں گندم لینی ہے وہ بھی مہنگی ہوگئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں آج بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہیں۔ اگر حکومت ہر مہینے 70 ارب روپے کی سبسڈی نہ دے تو پاکستان میں آج پیٹرول کی قیمت 220 روپے فی لیٹر ہو۔
انہوں نے کہا کہ آج میں قوم کو خوشخبری دے رہا ہوں کہ بجائے قیمت بڑھانے کے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10، 10 روپے فی لیٹر کمی کرنے کا اعلان کر رہا ہوں۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے کہا کہ 5 روپے فی یونٹ بجلی سستی بھی کر رہے ہیں اور دوسری جگہوں سے سبسڈی کم کرکے اس شعبے میں قوم کو ریلیف دے رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئندہ بجٹ تک پیٹرول ، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کریں گے۔
نوجوانو ں کو30 ہزار روپے کی انٹرن شپ، احساس پروگرام پر 12 کے بجائے 14 ہزار ملیں گے
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بی اے پاس نوجوانوں کو 30 ہزار روپے کی انٹرن شپ دلوائیں گے، 80 لاکھ خاندانوں کو اب 12 ہزار کے بجائے 14 ہزار روپے ملا کریں گے، آئی ٹی سیکٹر میں کمپنی اور فری لانسرز کو 100 فیصد ٹیکس چھوٹ دی ہے، اسٹارٹ اَپس کو 100 فیصد کیپٹل گین ٹیکس سے چھوٹ دے دی ہے، جو انڈسٹری لگائے گا اس سےکوئی سوال نہیں پوچھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی انڈسٹری میں سرمایہ کاری کریں گے تو 5 سال ٹیکس چھوٹ دیں گے، کسانوں کو سود کے بغیر قرض دیں گے، غریب گھرانوں کو ’سستا گھر‘ قرضہ دیں گے، بڑی مشکل سے بینکوں کو غریب لوگوں کو قرضہ دینےکیلئے راضی کیا ہے، مزدور، ویلڈرز کیلئے گھر کے قرضہ کیلئے آسانی پیداکی، بینکوں نے150ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صحت کارڈ غریب گھرانے کیلئے سب سے بڑی نعمت ہے، مارچ تک ہر گھرانے کے پاس صحت کارڈ ہوگا، انشاء اللہ یہ پورا ہیلتھ سسٹم بن رہا ہے، ہمارا ملک اور ہماری معیشت صحیح راستے پر چل پڑی ہے۔