پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میڈیا اور اداروں کے خلاف کالے قوانین بنا کر اب سچ کو سامنے آنے سے روکا نہیں جاسکتا۔
مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب نے دوسروں پرجو الزام لگائے وہ ان سب میں خود مجرم ثابت ہورہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب غیرقانونی فارن فنڈنگ کیس اتنا کمزور ہے تو 6 سال ریکارڈ کیوں چھپایا؟ یہ چھ سال سے بھاگ کیوں رہے ہیں؟ وکیل پر وکیل کیوں بدل رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب غیرقانونی فارن فنڈنگ کیس میں آپ چور نہیں تو پھرچھ سال سے تاریخ پر تاریخ کیوں؟ ہر سال الیکشن کمیشن سے عمران صاحب اپنے اصل اکاﺅنٹس اور ان میں آنے والے اربوں روپے کیوں چھپاتے رہے ہیں؟
ن لیگ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران صاحب 14ممالک سے آنے والی کالی دولت چپکے سے جیب میں ڈال لی اور قوم سے جھوٹ بولا کہ دولاکھ میں گزارا نہیں ہوتا؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے 2008میں پانچ، 2009 میں 7 ، 2012-13 میں اپنے 14 اکاؤنٹس چھپائے، یہ بتائیں الیکشن کمشن سے کیوں جھوٹ بولا، کیوں اکاﺅنٹس چھپائے؟
انکا کہنا ہے کہ عمران صاحب خود منی لانڈرز اور غیرقانونی کالی دولت وصول کرنے والے ثابت ہوچکے ہیں، یہ اوپن سماعت کے اعلان کرکے پھر بھاگ کیوں گئے تھے؟ الیکشن کمیشن میں مخالفت کیوں کی تھی؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کرائے کے ترجمانوں کے جھوٹے ٹوئٹس، بیانات جاری کرنے سے اب آپ کی چوری چھپنے والی نہیں، عمران صاحب میڈیا اور اداروں کے خلاف کالے قوانین بنا کر اب سچ کو سامنے آنے سے روکا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئیں عمران صاحب اس کا آغاز الیکشن کمیشن میں غیرقانونی فارن فنڈنگ کیس کی لائیو کوریج اور روزانہ بنیاد پر سماعت سے کریں، عمران صاحب تسلی رکھیں، ابھی تو احتساب شروع ہوا ہے، ابھی تو بہت کچھ آنا باقی ہے آپ تو ابھی سے گھبرا گئے؟