روس یوکرین تنازع کے دوران عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں پر پڑنے والے اثرات کے نتیجے میں پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہےکہ عالمی مارکیٹ کے مطابق ڈیزل وپیٹرول کی قیمتوں میں ساڑھے4 سے ساڑھے5 روپے تک اضافہ بنتا ہے تاہم اس اضافے میں لیوی شامل نہیں ہے جب کہ اس حوالے سے حکومت کیا فیصلہ کرتی ہے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
ذرائع کےمطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی موجودہ قیمتوں کو دیکھتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے 5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 4 روپے تک اضافہ بنتا ہے جب کہ 4 روپے لیوی شامل کرنے سے پیٹرول کی فی لیٹرقیمت میں اضافہ ساڑھے 9 روپےبنتا ہے، اسی طرح 4 روپے لیوی شامل کی جائے تو فی لیٹر ڈیزل اضافہ ساڑھے 8 روپے بنتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اس وقت پیٹرول پر لیوی 17.92 روپے اور ڈیزل پر 13.30 روپے فی لیٹر ہےجب کہ پٹرول اور ڈیزل پر جی ایس ٹی صفر ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔