پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ بلاول کا مہنگائی مارچ صرف ڈرامے بازی اور شوبازی کے کچھ نہیں،خرم شیر زمان
پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آج سے زرداری اینڈ کمپنی کی کرپشن کی ڈور کاٹنا شروع کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرداری کمپنی نے بدامنی، زیادتی، قبضے اور رشوت خوری کو صوبے کی پہچان بنایا، سندھ آج عالمی سطح پر بدنام صوبہ بن گیا ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ گھوٹکی سے پی پی کی جڑیں کاٹتے ہوئے کراچی پہنچیں گے، بلاول کا مہنگائی مارچ صرف ڈرامے بازی اور شوبازی کے کچھ نہیں ہے۔
پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ عوام واقف ہیں بلاول کبھی پاکستان میں نہیں رہے، ملک سے انہیں کوئی لگاؤ نہیں، پی پی صرف اپنی لوٹی دولت کو بچانے کیلئے نکل رہی ہے۔
خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے مارچ کا آغاز ہوگیا ہے، پی ٹی آئی آج اپنے سندھ حقوق مارچ سے پی پی کا غرور توڑے گی۔
2023 ’میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی‘
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمارا بھرپور استقبال کیا ہے، سندھ کے عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں۔
علی زیدی نے یہ بھی کہا کہ کل سندھ مارچ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی لیڈ کریں گے، ہم نے انہیں سندھ آنے کی دعوت دی ہے، سندھ کے لوگوں کو اُمید کی کرن نظر نہیں آرہی تھی لہذا مارچ کا مقصد سندھ کی قوم سے ناامیدی ختم کرنا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ سندھ بھر میں ہمارے اُمیدواروں نے اتنے زیادہ ووٹ لیے، ہمارے اُمیدواروں کو ہر شہر میں ووٹ پڑا ہے جبکہ عمران خان سندھ کے حالات سے مکمل طور واقف ہیں، 2023 میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی۔
علی زیدی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اقتدار سنبھالا تو صورتحال بہت خراب تھی، کورونا کی وجہ سے بہت مشکلات تھیں، آپ کے پاس مشکلات سے نکلنے کے لیے عمران خان کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے پاس ملک سے لوٹا ہوا پیسہ ہے ان سے پوچھو یہ تو سینما کی ٹکٹیں بلیک کرتے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت خود صحت کارڈ میں شامل نہیں ہونا چاہتی ہے، کیا سندھ کے عوام کو صحت کارڈ نہیں ملنا چاہیے؟ یہ کہتے ہیں ہر چیز ہمیں وراثت میں ملی ہے، دراصل یہ قوم کو بے وقوف بنارہے ہیں۔