(ق) لیگ کو پنجاب کی وزارت اعلی دینے کا معاملہ؛ نواز شریف کی پارٹی رہنماؤں سے مشاورت

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پنجاب کی وزارت اعلی دینے کے معاملے پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی ہے۔

آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ق) کو حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں حمایت کے بدلے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنوانے کی پیشکش کر رکھی ہے۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ (ق) لیگ کو وزارت اعلی دینے کی صورت میں مرکز میں حکومت گرانے میں آسانی ہوگی۔

اس کے علاوہ چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان یا اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی صورت میں ایک درجن حکومتی اراکین کی حمایت کا بھی یقین دلایا ہے۔

آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی تجویز پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پارٹی رہنماؤں نے مشاورت کررہے ہیں۔

پارٹی مشاورت کے دوران (ن) لیگی رہنماؤں کی اکثریت نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلی بنانے کی مخالفت کی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں وزیراعلی (ن) لیگ سے لیا جائے، پرویز الٰہی کو وزیر اعلی بنایا گیا تو پنجاب میں (ن) لیگ کی سیاست بری طرح متاثر ہوگی۔

پارٹی رہنماؤں نے اپنی تجاویز کے ساتھ اس حوالے سے حتمی فیصلے کا اختیار نواز شریف کو دے دیا ہے۔

دوسری جانب نواز شریف سے مولانا فضل الرحمان کے مسلسل رابطے ہیں، دونوں نے عدم اعتماد کی تحریک کامیاب بنانے کا عمل تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*