
لاہور: سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ شریک چیئرمین آصف علی زرداری صدر بننے پر وزیراعظم کو تھپکی پھردھکا دیں گے، ن لیگ کے اقتدارپر آخری ٹھپہ زرداری لگائیں گے۔
فیصل واوڈا نے مختلف نجی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے صدر مملکت بننے جارہے ہیں پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ایم کیو ایم آصف علی زرداری کوووٹ دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری صدر بننے پر پہلے وزیر اعظم کو تھپکی لگائیں گے، پھر دھکا دے کر کھینچ لیں لگے، آخر کار یہ ان کو دھکا دے دیں گے۔
’’آصف علی زرداری ن لیگ کے اقتدار پر آخری ٹھپہ لگائیں گے‘‘
سابق وزیر نے کہا کہ آصف علی زرداری ن لیگ کے اقتدار پر آخری ٹھپہ لگائیں گے، آپ پیپلز پارٹی کو کبھی مائنس نہیں کر سکیں گے، پیپلزپارٹی بجٹ کے موقع پر پنجاب میں بھی حصہ لے گی، ڈوریں اپنے پاس رکھتے ہوئے آئی ایم ایف سے گفتگو کے دوران کچھ اور بھی لے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی حکومت آئی جمہوریت کے ٹھیکے دار، پہرے دار، وفادار، چوکیداروں کو جمہوریت جمہوریت کھیلنے کا شوق ہوا، نگران حکومت کے دوران ڈالر، پیٹرول کنٹرول میں تھا، قیمتیں کنٹرول میں تھیں، اسمگلنگ آرمی چیف نے روکی ہوئی تھی، جس کا ان کو کریڈٹ جاتا ہے۔
سابق وزیر نے کہا کہ کاروباری لوگ 22سے 24فیصد سود پر بھی چاہ رہے تھے ہم کاروبار کرینگے، جیسے ہی جمہوریت کے ٹھیکدار آئے، 11روپے پیٹرول بڑھ گیا، قیمتیں بڑھ گئیں، کھانے پینے کی اشیاکی قیمتیں 10 دنوں میں دگنی ہوجائیں گی، ملک کا بھٹہ بیٹھنے جا رہا ہے۔