کراچی: ڈیفنس میں کالج کے طلباء کی جانب سے جدید اسلحے سے اندھا دھند فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضا نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ساحل تھانے میں فائرنگ کا مقدمہ درج کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی ایچ اے فیر ایٹ میں batch bunk ایونٹ کی سوشل میڈیا پر فائرنگ کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں جس کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے ایونٹ میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ شہر میں اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی سخت ممانعت ہے، فیز ایٹ میں ڈی ایچ اے کے اسکول و کالجوں کے طالب علموں نے بیج بنک کا ایونٹ رکھا تھا، بیج بنک 2024 کے ایونٹ کو واٹس ایپ کے ذریعے سے آرگنائزر کیا گیا تھا۔
ایونٹ کے دوران فائرنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس سے فائرنگ کرنے کرنے والوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔کمانڈ اینڈ کنٹرول اور سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے مزید کاروائی کی جارہی ہے، ہوائی فائرنگ کرکے خوف وہراس پھیلانے والوں کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے۔
پولیس نے کالج انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا ہےاور ایونٹ آرگنائزکرنے والے طالب علموں کے خلاف تادیبی کارروائی کی سفارش کی ہے، پولیس کی جانب سے واقعے کا مقدمہ ساحل تھانے میں درج کیا گیا ہے اور بلال اخوند اور جبار خان نامی دو ملزمان کو بھی گرفتار کیا ہے جن کی نشاندہی پر مزید چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
Loading...