مقامی اور غیر ملکی عناصر 9 مئی سازش کے ماسٹر مائنڈ، مقصد پاک فوج میں تقسیم تھا، کابینہ کمیٹی کا انکشاف

ذرائع کے مطابق، وفاقی کابینہ کی ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ 9؍ مئی 2023ء کے حملے باقاعدہ سوچی سمجھی سازش تھے جن کا مقصد پاک فوج کے ادارے میں دراڑ ڈالنا تھا۔

کابینہ کمیٹی کی تحقیقات کے نتائج سے آگاہ ایک با خبر ذریعے نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ 9؍ مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ، سازش کرنے والوں اور منصوبہ سازوں میں مقامی اور غیر ملکی عناصر دونوں شامل ہیں۔

9؍ مئی کے پرتشدد واقعات کی تحقیقات اور ان واقعات کا جائزہ لینے کیلئے چند ہفتے قبل تشکیل دی گئی کمیٹی کے حوالے سے ذریعے کا کہنا تھا کہ یہ کمیٹی اب اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دے رہی ہے جو منظوری اور ضروری اقدامات کیلئے کابینہ کے روبرو پیش کی جائے گی۔

کہا جاتا ہے کہ یہ رپورٹ پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اعلیٰ قیادت کیلئے باعث پریشانی ہوگی۔ کابینہ کمیٹی کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ 9؍ مئی کے واقعات اچانک رونما نہیں ہوئے تھے بلکہ ان کی منظم منصوبہ بندی کی گئی تھی۔

ان حملوں کا مقصد پاک فوج کو تقسیم کرنا تھا۔ فوجی عمارتوں، تنصیبات اور نشانات پر حملے بھی اسی سازش کا حصہ تھے۔

کہا جاتا ہے کہ یہ سازش مقامی اور غیر ملکی عناصر کے تعاون سے تیار کی گئی اور اس پر عملی جامہ پہنایا گیا۔ یہ سب طے شدہ تھا کہ پی ٹی آئی والے بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر کس طرح کے رد عمل کا اظہار کریں گے۔

ذریعے کے مطابق، غلط معلومات کا پھیلاؤ، جعلی پروپیگنڈہ اور جعلی خبریں چلانا بھی اسی منصوبے کا حصہ تھا۔

وفاقی و صوبائی حکومتوں، انٹیلی جنس ایجنسیوں بشمول آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی اور پولیس والوں کی رپورٹس پر بھی اسی کابینہ کمیٹی نے غور کیا۔ کمیٹی کی قیادت نگراں وزیر قانون کر رہے ہیں اور اب یہ کمیٹی اپنے کام کو حتمی شکل دے رہی ہے۔

اپنے نتائج کی بنیاد پر کابینہ کمیٹی وفاقی کابینہ کیلئے اپنی سفارشات تیار کرے گی۔

کہا جاتا ہے کہ ان سفارشات میں یہ بات شامل ہو سکتی ہے کہ 9؍ مئی کے واقعات میں ملوث افراد کیخلاف فوجداری، قانونی اور انتظامی نوعیت کی کارروائی کیلئے کمیشن تشکیل دیا جائے۔

ذریعے نے کہا کہ کابینہ کمیٹی حکومت کو ایسے اقدامات کا مشورہ دے سکتی ہے جن کی مدد سے 9؍ مئی کے واقعات سے مستقبل میں بچا جا سکے۔

کابینہ کمیٹی یہ مشورہ بھی دے سکتی ہے کہ سیاست سے نفرت، تشدد اور Cult Following کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

یہ کابینہ کمیٹی نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی ہدایت پر تشکیل دی گئی تھی جسے 9؍ مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈز، سہولت کاروں، عملی جامہ پہنانے والوں اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث افراد کا تعین کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

کمیٹی نے ان واقعات کے فوری اور دور رس اثرات کا بھی جائزہ لیا۔ کمیٹی کو 14؍ روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن کام پورا کرنے کیلئے اسے تھوڑا زیادہ وقت لگ گیا۔

کمیٹی سے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے تجاویز پیش کرنے کیلئے بھی کہا گیا تھا

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*