عام انتخابات 2024 کی انتخابی مہم (آج) منگل کی رات اختتام پذیر ہو جائیگی، رات 12بجے کے بعد جلسے جلوس نہیں کیے جاسکیں گے، ملک بھر میں 26 کروڑ بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی مواد ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران تک ترسیل کا کام مکمل ہوگیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کردیا، پہلی بار شکایات درج کرانے کیلئے واٹس ایپ کا استعمال کیا جائیگا، ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس)، آر ٹی ایس سے بہتر ہے، ای ایم ایس لائن اور آن لائن دونوں صورتوں میں کام کریگا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام 859 حلقوں کے ابتدائی نتائج 9 فروری کو دن 2 بجے تک جاری کردئیے جائینگے، عوام سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈہ پر توجہ نہ دیں، دوسری جانب کامن ویلتھ آبزرور گروپ کے چیئرمین سابق صدر نائیجیریا ڈاکٹر گڈلک ابیل جوناتھن کی قیادت میں وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی، اس موقع پر انتخابی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے انتخابی شیڈول کے مطابق پولنگ کے اختتام سے 48 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنا لازمی ہے۔ اس کے بعد امیدواروں یا سیاسی جماعتوں کی جانب سے کسی بھی قسم کی انتخابی مہم پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
دوسری جانب عام انتخابات کےلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی اورترسیل کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ امن وامان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے پاک فوج بدھ سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، امن وامان کی صورتحال اور انتخابی عمل کو مانیٹر کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر غلط اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جس میں جیل میں ڈالے گئے مختلف امیدواروں کے پوسٹل بیلٹ پیپروں کی تعداد لکھی جا رہی ہے، یہ گمراہ کن پروپیگنڈہ ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن واضح کرنا چاہتا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر اپنے حلقہ کے پوسٹل بیلٹ سرکاری گنتی کے دوران امیداواروں اور الیکشن ایجنٹوں کی موجودگی میں کھول کر ان کی گنتی کرتا ہے اور یہ بیلٹ پیپر حتمی رزلٹ میں شامل کیے جاتے ہیں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر آصف حسین نے کہا کہ آٹھ فروری کو شیڈول شفاف انتخابات کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہوچکی اورم لک بھر میں بھجوا بھی دئیے گئے ہیں۔سیکرٹری الیکشن کمیشن ای ایم ایس، آر ٹی ایس سے بہتر ہے،اس بار رزلٹ آر او جاری کریں گے، تمام 859 حلقوں کے نتائج 9 فروری کو جاری کردینگے۔
علاوہ ازیں ڈی جی آئی ٹی الیکشن کمیشن خضر حیات کا کہنا ہےکہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کی ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، اب تک ٹرائلز پر الیکشن منیجمنٹ سسٹم کی کارکردگی اطمینان بخش رہی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ٹی الیکشن کمیشن خضر حیات کا کہنا تھا کہ ای ایم ایس کو اس سے قبل انتخابات میں استعمال کیا جاچکا ہے، پریذائیڈنگ افسر ای ایم ایس کے ذریعے ریٹرننگ افسر کو نتائج بھجوائے گا، نتائج ترسیل میں کوئی مسئلہ ہوا تو پریذائیڈنگ افسر ذاتی حیثیت میں آر اوکو نتائج پہنچائے گا۔
خضر حیات کا کہنا تھا کہ ای ایم ایس نتائج میں کسی قسم کی تبدیلی کا فوری طور پر پتا لگائےگا۔ ایڈیشنل ڈی جی مرکزی کنٹرول روم الیکشن کمیشن ہارون شنواری کا کہنا تھا کہ اب تک ٹرائلز پر الیکشن مینجمنٹ سسٹم کی کارکردگی اطمینان بخش رہی ہے، تمام کنٹرول رومز 24/7 کام کر رہے ہیں، انتخابات کے نتائج آنے تک مرکزی کنٹرول روم مسلسل کام کریگا۔
Loading...