کراچی میں خوف کی علامت وائٹ کرولا گینگ کا سرغنہ گرفتار

کراچی: پولیس  نے گھروں میں متعدد وارداتوں میں ملوث ڈاکوؤں کے افغان گروپ وائٹ کرولا  گینگ کے سرغنہ ’عمران کرکرے‘ کو مقابلےکے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

 پولیس کے مطابق ملزم کراچی میں  200 سے زائد ہاؤس رابری کی وارداتوں میں مطلوب تھا، ملزم کے زیر استعمال کرولا کار میں کورے کار کا جعلی نمبر لگا ہوا تھا، ملزمان فیروز آباد، بہادرآباد، گلشن اقبال، نیوٹاؤن، عزیز بھٹی، گلستان جوہر سمیت کراچی کے مختلف علاقوں کے گھروں میں ڈکیتیاں کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کی کرولا کار سے مختلف گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹیں بھی برآمد ہوئی ہیں، ملزمان واردات کے بعد کار کی نمبر پلیٹ تبدیل کرتے تھے۔

پولیس کا بتانا ہےکہ ملزمان سپرہائی وے کے جمالی پل سے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوئے اور علی گڑھ کچا راستہ تک گئے جہاں مقابلے کے دوران ملزمان کی کار پتھر سے ٹکرائی، فائرنگ کے تبادلے میں ملزم عمران کرکرے زخمی ہوا جسے گرفتار  کرلیاگیا جب کہ ملزم کے تین ساتھی اندھیرےکا فائدہ اٹھا کر پیدل فرار ہوگئے۔

پولیس   کے مطابق  ملزم کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ، ایک پستول 9 ایم ایم بمعہ امیونیشن اور جعلی نمبر پلیٹ اے ایل ایس 953 لگی کرولا کار برآمد ہوئی،  ملزم  کی شناخت عمران عرف غلام سخی عرف کرکرے کے نام سے ہوئی جو پہلے بھی 13 مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے۔ 

پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم عمران عرف کرکرے مختلف افغان گینگ آپریٹ کرتا تھا اور شہر کے پوش علاقوں میں گھروں میں وارداتیں کرتا  تھا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*