جے یو آئی کے 4 امیدوار ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہوئے ہیں، عبدالرؤف صدیقی

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عبدالرؤف صدیقی نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے امیدوار ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان ہمیشہ دو ٹوک فیصلے کرتے ہیں۔

عبدالرؤف صدیقی نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں جے یو آئی کے رہنما مولانا غیاث کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ہمیشہ سے مولانا فضل الرحمان اور جمعیت علماء اسلام کی حمایت کرتی رہی ہے۔

عبدالرؤف صدیقی نے کہا کہ ہمارا اور جمعیت علماء اسلام کا سیاسی سفر جاری رہے گا۔ پی ایس 104 سے جے یو آئی کے مولانا سمیع ایم کیو ایم کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہو رہے ہیں۔

عبدالرؤف صدیقی نے کہا کہ پی ایس 103 سے جے یو آئی کے امیدوار جمال خان کاکڑ، پی ایس 101 سے جے یو آئی کے مولانا عبدالسلام اور این اے 237 سے جے یو آئی کے احسان اللّٰہ ان حلقوں میں ایم کیو ایم کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہوئے ہیں۔

اس موقع پر موجود جے یو آئی کے رہنما مولانا غیاث نے کہا جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر فیصلے کرتی ہے۔ جے یو آئی ایم کیو ایم، جی ڈی اے و دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر اتحاد بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے امیدوار ایم کیو ایم کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہو رہے ہیں۔ دستبرداری کا اعلان مولانا فضل الرحمان کے احکامات کی روشنی میں کیا۔

مولانا غیاث نے کہا این اے 237 سے جے یو آئی کے احسان اللّٰہ ہزاروی عبدالرؤف صدیقی کے حق میں دستبردار ہو رہے ہیں۔ یہ اتحاد آنے والے الیکشن میں بہترین ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق دونوں جماعتوں میں مشاورت جاری تھی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*