کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی میں قومی و صوبائی انتخابات میں بھی بلدیاتی انتخابات کی طرح بھاری مینڈیٹ حاصل کرے گی،اب سندھ حکومت جماعت اسلامی کے بغیر نہیں بن سکے گی، وفاق میں بھی ہماری بھرپور نمائندگی ہوگی، کراچی کے عوام کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو پر مہرلگائیں اور اپنے ووٹ کا تحفظ بھی کریں،جماعت اسلامی کا کوئی نمائندہ بھی فروخت نہیں ہوگا اور ہم سندھ اسمبلی میں کراچی کے عوام کے حقوق اور مسائل کو ترجیحی بنیاد پر رکھتے ہوئے حکومت سازی کریں گے،پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت نے حکومت میں نہ ہونے کے باوجود فری آئی ٹی پروگرام شروع کیا ہے،16ماہ ملک میں نوازلیگ،پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور جے یوآئی پر مشتمل پی ڈی ایم کی حکومت رہی لیکن انہوں نے کے فور اور کے سی آر منصوبے پر کوئی کام نہیں کیا، مسلم لیگ ن کے شہباز شریف بتائیں کہ انہوں نے بلدیہ ٹاؤن کے عوام کے لیے کیا کیا؟ وہ کس منہ سے کراچی سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں؟،کے الیکٹرک کے عملے کا خاتون کے ساتھ نارواسلوک قابل مذمت ہے، کے الیکٹرک اپنا قبلہ درست کرلے ورنہ زبردست عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا،آئین کے آرٹیکل 158کے مطابق کراچی اور سندھ کو عوام کو ترجیحی بنیاد پر گیس فراہم کی جائے،پہلے ہی گیس نہ ہونے کے باعث کراچی کے صنعتی ادارے تباہ حال ہیں دوسری جانب گیس کی قیمتوں میں صنعتی اداروں کے لیے 193فیصداورگھریلوصارفین کے لیے 173فیصد اضافہ کر کے غیر معمولی بوجھ ڈال دیا گیاہے۔ حافظ نعیم الرحمن ٰنے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کے تحت ایکسپوسینٹر میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر کے لیے 21اور22جنوری کو نمائش منعقد کی جائے گی،اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے پاکستانی مصنوعات کو بطور متبادل استعمال کریں،عالم عرب اور اسلامی ممالک کے حکمرانوں نے فلسطین کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے،80دن گزرگئے لیکن اسرائیل جدید ٹیکنالوجی اور اسلحے کے باوجود فلسطین کو شکست نہیں دے سکا۔
Loading...