
کراچی: (اسٹاف رپورٹر)
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران مَلک سال 2024 اور 2025کے لیے’امریکن کیمیکل سوسائٹی‘ پاکستان چیپٹر کے چیئر منتخب ہوگئے۔آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق امریکن کیمیکل سوسائٹی1876ء میں امریکی کانگریس کے چارٹرکے تحت وجود میں آئی تھی، دنیا کی سب سے بڑی سائینسی تنظیم ہے جس کے144ممالک میں186,000ارکان ہیں۔ اس تنظیم کے چیپٹرمتعدد ممالک میں ہیں جن میں چین، انڈیا، برازیل، آسٹریلیا، ہانگ کانگ، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا، قطر اور سوئٹزر لینڈ بھی شامل ہیں جبکہ اس کاوژن یہ ہے کہ کیمسٹری کی تبدیلی کی طاقت کے ذریعے تمام لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنایاجائے۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے ڈاکٹر عمران مَلک کو اُن کی اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عمران مَلک پولیمرسائینس اور نینو ٹیکنالوجی جیسے اہم سائینسی میدانوں میں کام کررہے ہیں، ان کے تصنیفی کاموں میں بین الاقوامی اداروں کے تحت اشاعت شدہ5کتب اور کتب میں 8ابواب سمیت 500امپیکٹ فیکٹر کے ساتھ100ریسرچ آرٹکل بھی شامل ہیں۔ ان کا ایچ انڈیکس25ہے جبکہ آئی 10انڈیکس57جبکہ1700سائی ٹیشن بھی ہیں۔ ان کے امریکی اور پاکستانی پیٹنٹ کی تعداد5ہے۔ ان کی نگرانی میں24اسکالرز نے پی ایچ ڈی اور ایم فل کیا ہے جبکہ15اسکالران کی زیرِ نگرانی پی ایچ ڈی اور ایم فل کررہے ہیں۔گزشتہ دس سالوں میں متعدد بار ڈاکٹر عمران مَلک کی تعلیمی کارکردگی کوسراہانے کے لیے پاکستان کونسل فار سائینس اور ٹیکنالوجی، کیمیکل سوسائیٹی آف پاکستان اور جامعہ کراچی کے تحت انھیں ریسرچ پروڈکٹوٹی ایوارڈ دیا جاتا رہا ہے
شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمن اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل اور ادویاتی اور بائیو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری پر قائم یونیسکو چیئر کے نگراں (چیئر ہولڈر) پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے بھی ڈاکٹر عمران مَلک کی کارکردگی کو سراہاتے ہوئے اُن کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔