وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن، مریم نواز، شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری سب بونے ہیں۔
جہلم میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کی عالمی سطح پر نہیں سنی جاتی۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا دورۂ روس گیم چینجر ہو گا، چین کے بعد روس سے ہمارے تعلقات مستحکم ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ23 سال بعد پاکستان کے کسی لیڈر کو ماسکو میں دعوت دی گئی ہے، روس کے ساتھ بھی پاکستان کے مستحکم تعلقات قائم ہونے جا رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ تحریکِ عدم اعتماد پرسوں کے بجائے کل لے آئیں، سینیٹ میں اکثریت کے باوجود یہ ووٹ پورے نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں جہلم سے کلین سوئپ کرے گی، ہمارے خلاف عدم اعتماد لانے والوں پر ان کے گھر والے بھی اعتماد نہیں کرتے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سینیٹ میں اکثریت کے باوجود اپوزیشن والے کچھ نہیں کر سکے، اسمبلی میں کیا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی حکومت کو نہ وفاق میں خطرہ ہے اور نہ ہی پنجاب میں ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات کا مزید کہنا ہے کہ جہانگیر ترین پارٹی کے ساتھ رہیں گے۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ کسی صورت پارٹی کو نقصان نہیں پہنچائیں گے، مریم نواز لندن سے پیسے واپس لے کر آئیں تو حالات بہتر ہوسکتے ہیں۔