
کراچی میں پولیس اہلکاروں کے چوری کی ایک اور واردات میں ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔ گزشتہ چند دنوں میں پولیس کی چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا یہ تیسرا واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیپو سلطان روڈ آئل سے بھری گاڑی چھیننے میں پولیس اہلکار ملوث نکلے، دونوں اہلکاروں کو گارڈن ہیڈکواٹر سے گرفتار کر لیا گیا۔ ملوث اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل خالد اور کانسٹیبل غالب کے نام سے ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق دونوں پولیس اہلکاروں نے 23 نومبر کو واردات کی تھی۔ گرفتار اہلکاروں سے مزید تفتیش جاری ہے۔ حال میں رپورٹ ہونے والا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
انیس نومبر کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن 5 نمبر میں گھر میں ڈکیتی کی بڑی واردات رونما ہوئی تھی جس میں ملزمان 2 کروڑ روپے، 70 سے 80 تولہ سونا اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
متاثرہ شہری عامر بیگ کے مطابق ملزمان پولیس یونیفارم اور سادہ لباس میں گھر میں داخل ہوئے اور تمام افراد کو یرغمال بنا کر تقریباً دو گھنٹے تک لوٹ مار کرتے رہے۔
اس کے اگلے ہی دن اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی میں ملوث ضلع ساؤتھ کے متعدد پولیس اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا تھا۔ متاثرہ اہل خانہ کو پولیس حکام نے ڈی آئی جی ویسٹ آفس میں طلب کیا جہاں انہیں لوٹی گئی رقم اور سونا واپس کیا گیا۔
پولیس اہلکاروں کے ڈکیتی میں ملوث ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ویسٹ کو 24 گھنٹے میں تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔