کراچی: (رپورٹ: کامران شیخ)
کراچی کی کچرا کنڈیوں سے ملنے والی نوزائیدہ بچوں کی لاشوں میں ہوشربا اضافہ سامنے آیا ہے، ریسکیو اداروں کے اعدادو شمار کے مطابق رواں سال شہر کی کچرا کنڈیوں سے نومولود بچوں کی 229 لاشیں برآمد کی گئی ہیں، پولیس نے لاشوں کی برآمدگی کے کئی مقدمات درج کیے لیکن تاحال ایسے درندہ صفت ملزمان کو پولیس گرفتار نا کرسکی
تفصیلات کے مطابق کراچی میں معاشرتی برائی تیزی سے سر اٹھارہی ہے شہر کے مختلف علاقوں جن میں اورنگی ٹاون، محمود آباد، بلدیہ، نارتھ ناظم آباد، سچل، کورنگی، سہراب گوٹھ، کلفٹن نیلم کالونی اور دیگر شامل ہیں ان علاقوں سے ریسکیو اداروں نے رواں سال دو سو انتیس نوزائیدہ بچوں کی لاشیں اٹھائی ہیں،
رواں سال جنوری میں 13, فروری میں 16, مارچ میں 20, اپریل میں 18, مئی میں 14, جون میں 14, جولائی میں 30, اگست میں 28, ستمبر میں 19 ، اکتوبر میں 20 نوائیدہ بچوں کی لاشیں کچرا کنڈی پر پائی گئی ہیں، واضح رہے کہ شہر قائد میں بچوں کی لاشوں کی برآمدگی پر پولیس کی جانب سے کئی مقدمات درج کیے گئے لیکن پولیس لاشیں پھیکنے والے درندہ صفت ملزمان کا تاحال سراغ نا لگاسکی ہے، چھیپا ویلفئیر ایسوسی ایشن کے سربراہ رمضان چھیپا نے اپیل کی ہے کہ انسانی جانوں کا بیدری سے ضیائع نا کریں بلکہ ان بچوں کو چھیپا ویلفئیر کے جھولوں میں ڈال دیا جائے تاکہ انکی بہتر پرورش کی جاسکے اور بے اولاد جوڑوں کو سونپا جاسکے اس عمل سے کئی زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں.