
کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں گھر کی چھت گرنے سے 1 شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ اس دوران پیش آیا جب 2 منزلہ عمارت پر تیسری منزل کی چھت ڈالی جا رہی تھی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ 2 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، زخمیوں میں سے 1 شخص دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کی اطلاع ہے، حادثے کی جگہ پر رش کے باعث ریسکیو اہل کاروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جو شخص جاں بحق ہوا وہ مزدور نہیں راہگیر ہے، مشینری طلب کی گئی ہے، گلیاں تنگ ہونے سے مشکلات ہیں۔
اب بھی ہمارے افراد عمارت میں دبے ہوئے ہیں: مزدور مولا بخش
واقعے کے عینی شاہد مزدور مولا بخش نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 3 دن سے اس عمارت میں کام کر رہے تھے، 8 سے 10 مزدور عمارت میں کام کر رہے تھے۔
مولا بخش کا کہنا ہے کہ اب بھی ہمارے دیگر افراد عمارت میں دبے ہوئے ہیں۔