پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ کو پولیس نے عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا۔
پولیس نے حلیم عادل شیخ کو سندھ ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا ہے۔
پولیس اہلکار حلیم عادل شیخ کو پولیس موبائل میں ڈال کر روانہ ہو گئے۔
PPP کی کرپشن بے نقاب کرتا رہا ہوں: حلیم عادل شیخ
پی ٹی آئی سندھ کے صدرحلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ میں پیپلز پارٹی کی کرپشن کو بے نقاب کرتا رہا ہوں۔
گرفتاری سے قبل صدر پی ٹی آئی سندھ حلیم عادل شیخ نے اپنے وکیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے حصول کے لیے سندھ ہائی کورٹ آئے تھے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ پولیس کو احاطے سے ہٹایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، غبارے اڑانا بھی دہشت گردی ہو گئی، مجھے ڈنڈا اٹھایا ہوا دکھایا گیا، ڈنڈا چلاتے کوئی ویڈیو نہیں ہے۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ آفتاب صدیقی بھی نامزد تھے مگر وہ پریس کانفرنس کر کے نکل گئے، جو لوگ پریس کانفرنس کرتے ہیں وہ نکل جاتے ہیں، ہم اور ہمارے ساتھی اب بھی مقدمات بھگت رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت ملک میں کوئی آئین و قانون نہیں، 6 ستمبر پر شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کریں گے، ہم اس کے کارکن ہیں جس نے وطن سے محبت کرنا سکھایا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ برے وقت میں جو پارٹی چھوڑتا ہے لوگ اس پر لعنت بھیجتے ہیں، برے وقت میں کوئی غیرت مند پارٹی نہیں چھوڑ سکتا۔
واضح رہے کہ حلیم عادل شیخ آج سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوئے تھے۔