لائیو: بٹگرام میں چیئر لفٹ میں پھنسے افراد کو پانی، ادویات اور کھانے کی اشیاء پہنچا دی گئیں

پشاور: خیبر پختونخوا کے شہر بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں اسکول کے 6 بچوں سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئے جنہیں بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے جب کہ لفٹ میں پھنسے افراد کو پاک فوج کے ریسکیو اہلکار نے کھانے پینے کی اشیاء، ادویات اور پانی پہنچا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے اسکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ تقریباً 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئی۔

ڈولی دکھنے میں کیسی ہے؟

چیئرلفٹ میں پھنسے شخص گلفراز نے بتایا کہ 6 بچے اور 2 افراد صبح 6 بجے چیئرلفٹ میں سوار ہوئے تھے، 7 بجے چیئرلفٹ کی پہلی ایک رسی اور پھر دوسری بھی ٹوٹ گئی، چیئرلفٹ ایک میل چلی تو پہلی رسی ٹوٹی۔

صبح سے مدد کے منتظر ہیں، چیئرلفٹ میں ہم 8 لوگ موجود ہیں: گلفراز 

انہوں نے کہا کہ ہم صبح سے مدد کے منتظر ہیں، چیئرلفٹ میں ہم 8 لوگ موجود ہیں ، اس میں موجود بچوں کی عمر10 سے 13 سال کے درمیان ہے۔

گلفراز کا کہنا تھا کہ لفٹ میں پھنسے ہمیں 5 گھنٹے ہوگئے، چیئرلفٹ میں ایک لڑکا تین گھنٹے سے بے ہوش ہے، یہ لڑکا دل کے عارضے میں مبتلا ہے  اور اسپتال جارہا تھا، لفٹ میں ہم 8 افراد موجود ہیں، چیئرلفٹ میں ہمارے پاس پینے کا پانی تک نہیں اور فون کی بیٹری بھی ختم ہورہی ہے۔

لفٹ بہت اونچائی پر ہے، نیچےکھائی ہے اور نیٹ لگانا مشکل ہے: ڈی آئی جی 

دوسری جانب ڈی آئی جی بٹگرام طاہر ایوب خان کا کہنا ہےکہ ہم نے چیئرلفٹ ماہرکو بھی بھیجا ہے، لفٹ بہت اونچائی پر ہے، نیچےکھائی ہے اور نیٹ لگانا مشکل ہے۔

پاک آرمی کا اسپیشل سروسز گروپ بھی آپریشن میں شامل

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ پاک آرمی کے اسپیشل سروسزگروپ کی سلنگ آپریشن میں ماہرٹیم بھی آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  پاک آرمی کا ریسکیو ہیلی کاپٹر لفٹ کے قریب پہنچنے پرڈولی ہل رہی ہے جس سے ڈولی غیر متوازن ہونے کا خدشہ ہے، اب ریسکیو آپریشن کے باقی آپشنزکا استعمال زیر غور ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ یہ انتہائی رسکی آپریشن ہے جس میں پاک آرمی کے دستے مکمل جان فشانی سے حصہ لے رہے ہیں۔

آپریشن انتہائی خطرناک ہے: حکام

حکام کا بتانا ہےکہ پاک آرمی کا ریسکیو ہیلی کاپٹربٹگرام پہنچ کر ایریاکی ریکی کررہا ہے، ریکی کے بعد بڑے محتاط انداز میں ریسکیو آپریشن کیا جائےگا، یہ ایک انتہائی خطرناک آپریشن ہے، غیرمتوازن ہونے اور ہیلی کاپٹر کے ہوائی پریشر سے لفٹ ٹوٹ سکتی ہے اس لیے انتہائی احتیاط سے حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں علاقے میں موجود اسکول کے ٹیچر ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ صبح 6 بجے طلبہ چیئرلفٹ کے ذریعے اسکول آرہے تھے، چیئرلفٹ میں ایک بچہ ڈر کی وجہ سے بے ہوش ہوگیا ہے جسے بعدازاں ہوش آگیا، اس علاقے میں 150  بچے اس طرح لفٹ کے ذریعے اسکول آتے ہیں۔

ظفر اقبال نے بتایا کہ چیئرلفٹ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر پہنچ گیا ہے، علاقے میں شانگلہ سے بھی ریسکیو ٹیم پہنچی ہے ،ہیلی کاپٹر چیئر لفٹ کے قریب جائزہ لے رہا ہے۔

ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز کے مطابق  پوری کوشش ہے کہ لفٹ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کریں۔

دوسری جانب بتایا جارہا ہے کہ ہیلی کاپٹرسے پیدا ہوائی پریشر سے اکیلی بچ جانے والی تاربھی ٹوٹنے کا خدشہ ہے اس لیے ہیلی کاپٹر سے ریسکیو آپریشن کو انتہائی محتاط انداز میں کیا جائے گا۔

وزیرِاعظم کی خستہ حال،حفاظتی معیار پر پورانہ اترنے والی چیئرلفٹس فوری بند کرنے کی ہدایت

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے خستہ حال، حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والی چیئر لفٹس فوری بند کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے بٹگرام میں پاشتوکےمقام پرچیئرلفٹ میں پھنسے 8 افراد کے فوری ریسکیو کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیرِ اعظم کی جانب سے این ڈی ایم اے،پی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ ریسکیو اداروں کو تمام وسائل بروئےکار لانےکی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ انوار الحق کاکڑ نے پہاڑی علاقوں میں موجود ایسی تمام چیئر لفٹس پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے بٹگرام چیئرلفٹ واقعہ سے متعلق تفصیلات جاری کردیں

پی ڈی ایم اے کے مطابق علاقہ پاشتو میں چیئرلفٹ پھنسنے کا واقعہ صبح 8:30 بجے پیش آیا، چیئرلفٹ پہاڑوں کے بیچ برساتی نالہ جہانگیری خوڑ پرنصب ہے، جب کہ اس وقت اس لفٹ میں 8 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی تفصیلات کے مطابق پھنسے افراد میں ابرار، عرفان، گلفراز اور اسامہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ رضوان اللہ،عطااللہ، نیاز محمد اور شیرنواز بھی چیئرلفٹ میں پھنسے ہیں،چیئرلفٹ تقریباً 2 ہزار میٹر کی بلندی پر لگی ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*