مہاجروں کو اقلیت میں تبدیل کرنے گا فیصلہ مردم شماری سے قبل کیا جاچکا تھا
حقوق کے علمبرداروں نے قیمت وصول کرکے شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ دیا
درست گنتی کی مہاجروں سے زیادہ پاکستان کوضرورت ہے،وفد سے گفتگو
کراچی ( پ ر)چیئر مین آفاق احمد سے آج انکی رہائشگاہ پر سندھ اربن گریجویٹ فورم کے وفد نے SUGFکے صدر شوکت اللہ فاروقی کی قیادت میں ملاقات کی اور مردم شماری پر عوامی ردِ عمل اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ آفاق احمد نے اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مردم شماری میں مہاجروں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرکے دکھانے کا فیصلہ مردم شماری کے آغاز سے قبل ہوچکا تھااور وفاقی حکومت اور اہم حکومتی اداروں نے حکومت میں شامل جماعتوں کو آگاہ کردیا تھااسکے باوجودمہاجروں اور کراچی کے حقوق کے علمبرداروں نے زاتی مفادات کی صورت میں خاموشی کی قیمت وصول کرکے رسمی بیانات کے بعد حکومت سے علیحدگی کے بجائے شہاز شریف کو اعتمادکاوو¿ٹ دیا۔ اس سے پہلے بھی مہاجروں کے مفادات کی قیمت وصول کرنے والوں نے عمران خان کی حکومت میں مہاجروں کو ملازمتوں اور اعلیٰ تعلیم سے محروم رکھنے کیلئے غیر معینہ مدت کیلئے کوٹہ سسٹم مسلط ہوتے ہوئے دیکھاپھر بھی حکومت سے چمٹے رہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر عوام کے سامنے مفاد پرستوں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر قوم کو درست نہ گننے سے مہاجرقوم ختم نہیں ہو جائیگی مہاجر قوم اس ملک میں اکثریت کی بنیاد پر نہیں بلکہ اپنی تعلیم، ہنر اور صلاحیتوں کے بل پر جیتی ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر دشمنی میں کراچی کو درست نہ گن کر خوش ہونے والے کراچی کو ایسی کھائی میں دھکیل رہے ہیں جہا ں کراچی میں درست منصوبہ بندی ممکن نہیں ہوئی،جس سے انتظامی ڈھانچہ تباہ ہوجائیگا، لاقانونیت عروج پر ہوگی اور شہر شریفوں کے رہنے کے قابل نہیں ہوگا،اس تباہی سے مہاجروں کونہیں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کی بنیادوں کو ہوگا۔آفاق احمد نے کہا کہ کراچی کی درست گنتی کی مہاجروں سے زیادہ پاکستان کو ضرورت ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ گریجویٹ فورم کے وفد سے کہا کہ مہاجر نوجوانوں کی تعلیم اور صلاحیتوں کی اگر یہاں قدر نہیں ہے اور زبان کی بنیاد پر انہیں ملازمتوں سے محروم رکھا جارہاہے تو انہیں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے اور اپنا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے ملک سے باہر جانے سے گریز کرنا چاہیے