کراچی (اسٹاف رپورٹر) مزدور راہنمائوں، سماجی اور انسانی حقوق کے کارکنوں ناصر منصور، رفیق بلوچ ، ریاض عباسی، زہرا خان، کامریڈ گل رحمان، اسد اقبال بٹ، حبیب الدین جنیدی ، کرامت علی ، ایوب قریشی ، سعید بلوچ ، ذوالفقار شاہ، مرزا مقصود اور ساجد ظہیر نے مطالبہ کیا ہے کہ کم از کم اجرت 50ہزار روپے ماہانہ کی جائے، تمام ورکرز کو سوشل سیکورٹی اور پنشن کے اداروں سے رجسٹرڈ کیا جائے اور اشیائے خوردونوش ، بجلی، گیس کی قیمتوں میں کمی اور مفت تعلیم و صحت فراہم کی جائے،ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان اور ہوم بیسڈ ویمن ورکرز فیڈریشن کے زیراہتمام یکم مئی کے مزدور شہداء کی یاد میں ’’مزدور ریلی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جس کا ریگل چوک صدر سے آغاز اور کراچی پریس کلب پر اختتام ہوا ، ریلی میں بڑی تعداد میں محنت کشوں ، سیاسی ، طلبہ ، نوجوانوں، سماجی و انسانی حقوق کے کارکنوں نے شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے شکاگو کے مزدور شہداء، انقلابی رہنماؤں کی تصاویر اور سرخ پرچم اٹھائے ہوئے تھے، شرکا سے خطاب میں مقررین نے مزید کہا تھا کہ پاکستان کا مزدور طبقہ ، حکمراں طبقوں کی معاشی اور سیاسی پالیسیز یکسر مسترد اور موجودہ سیاسی و معاشی بحران میں حکمرانوں کی بے حسی اور محنت کش عوام سے روا رکھنے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتا ہے۔
Loading...