ایک بزرگ پاکستانی چرواہا جس کے پاس فون تک نہیں ہے وہ مدینہ منورہ میں اپنی سادگی اور حلیے کے باعث مسجد نبوی ﷺ میں گھومتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایسا وائرل ہوا کہ سب ہی اسے تلاش کرنے میں لگ گئے۔
سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے بزرگ کی شخصیت کو دیکھ کر کہا کہ حضور اکرمﷺ کے صحابہ کا انداز بھی ایسا ہی ہوتا ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مشیر نے بھی اس بزرگ کو تلاش کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا۔
انہوں نے اس حوالے سے لکھا کہ ان کے بارے میں میری رہنمائی کون کرے گا؟
بعدازاں عرب میڈیا نے اس بزرگ کا پتا لگا لیا اور ان سے ملنے بھی پہنچ گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق بزرگ شخص کا نام عبدالقادر بخش ہے اور وہ بلوچستان کے رہائشی ہیں۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بزرگ کا کہنا ہے کہ عمرہ کرنے کے بعد ان کی تمام پریشانیاں دور ہو گئی ہیں۔
انہوں نے عرب میڈیا کو بتایا کہ ان کے 5 بچے ہیں، ہم غریب ہیں اور مزدوری کرتے ہیں، انڈے اور لکڑیاں بیچتے ہیں، ہمارے پاس گھر بھی نہیں ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق عبدالقادر بخش کے پاس فون بھی نہیں ہے اور انہوں نے مسجد نبوی ﷺ میں وائرل ہونے والی ویڈیو بھی اسی وقت دیکھی۔
انہوں نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں 15 سال سے مدینہ جانے کی کوشش کر رہا تھا لیکن میرے پاس پیسے نہیں تھے، پھر میں نے اللّٰہ سے دعا کی کہ مجھ سے راضی ہو اور مجھے اپنے گھر بلا لے۔
عبدالقادر بخش نے بتایا کہ میں بکریاں چراتا ہوں اور اسی طرح میں نے عمرے کے لیے پیسے جمع کیے، عیدالاضحیٰ پر میں نے اپنی تمام بکریاں بیچ دیں اور ان سے جمع ہونے والے پیسوں سے ویزا کے لیے درخواست دی۔
عرب میڈیا کے مطابق عبدالقادر بخش اس مرتبہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے دعائیں مانگ رہے ہیں۔