کینیا کی حکومت نے پاکستانی صحافی ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات میں مزید تعاون سے پھر انکار کردیا۔
عدم تعاون سے متعلق پاکستان اور کینیا کے حکام نے جیو نیوز کو تصدیق کی ہے۔
پاکستان نے کینیا سے خط لکھ کر نئی تحقیقات کیلئے اجازت مانگی تھی جس پر کینیا حکام کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کیس میں مزید تفتیش کی اجازت نہیں دے سکتے۔
کینیا کے حکام 5 سے زائد بار پاکستان کی درخواست رد کرچکے ہیں۔
کینین حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش میں عمر شاہد حامد اور اطہر وحید سے بھرپور تعاون کیا تھا، نئی تحقیقات کا بھی مختلف نتیجہ نہیں نکلنے لگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی تفتش کاروں کی رپورٹ میں کینین حکام پر تنقید سے مقامی ادارے سخت ناراض ہیں، جبکہ ارشد شریف قتل کیس پر کینیا حکومت کی تحقیقاتی رپورٹ اب تک شائع نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ ارشد شریف قتل کیس میں سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لے کر نئی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب کینیا کے حکام کا موقف ہے کہ ارشد شریف قتل کیس میں ضروری تعاون پہلے ہی کرچکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا حکم پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔