رقم تبدیل کرانے ایکسچینج جارہا تھا، تلاشی کے بہانے لوٹ لیا گیا،تیکن میتن
کراچی ( کرائم رپورٹر) صدرعبداللہ ہارون روڈ پر پولیس کی وردی میں ملبوس کارسوارملزمان ترکش شہری سے رقم سے بھرا بیگ چھین کرفرارہوگئے ،ترکش شہری نے واردات سے متعلق پریڈی تھانے میں مقدمہ درج کرادیا۔ پریڈی تھانے کی حدود صدرعبداللہ ہارون روڈ پر واقع کاکٹر ہوٹل کے قریب ترکش شہری سے تقریبا 15 لاکھ روپے چھین لیے گئے ترکش شہری واردات سے متعلق رپورٹ درج کرانے کےلیے پریڈی تھانے پہنچ گیا ، ترکش شہری تیکن میتن نے پولیس کو بتایا کہ وہ ترکش شہری ہیں اور ڈی بلوچ کمپنی میں ملازمت کرتے ہیں اورحیدرآباد سے کراچی آئے تھے اوران کے پاس بیگ میں پاکستانی کرنسی ساڑھے11 لاکھ 2150 ترکش روپے موجود تھے اوروہ منی ایسکچینج سے رقم تبدیل کرانے جا رہے تھے اچانک ان کی گاڑی کے آگے ایک سفید رنگ کی گاڑی آکر رکی اورگاڑی میں موجود افراد نے پولیس سے مشابہ وردی پہن رکھی تھی انھوں نے مجھ سے پوچھا آپ کون ہو اوریہاں کیا کر رہے ہو اورکیا کام کرتے ہو میں نے اپنا پاسپورٹ انہیں دکھایا اور انھوں نے پاسپورٹ دیکھ کر واپس کردیا جس کے بعد گاڑی میں سوار افراد نے پوچھا گاڑی کس کی ہے تو میں نے جواب دیا کہ جہاں میں کام کرتا ہوں اس کمپنی کی ملکیت ہے میرے ہاتھ میں ایک بیگ تھا جس میں رقم اورضروری دستاویزات موجود تھے کارسوارملزمان رقم سے بھرامیرابیگ مجھ سے چھین کر فرار ہوگئے میں نے گاڑی کا اسٹیئرنگ پکڑنے کی بھی کوشش کی لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے نوسربازی کے اس واقعے میں پولیس کی وردی میں ملبوس چند نوسرباز پرائیویٹ کرولا کار میں تھے جو واردات کے دوران اپنی کار سے باہر نہیں نکلے نوسربازوں نے ترک شہری کو روک کر پوچھ گچھ کے دوران رقم سے بھرا تھیلا چیک کرنے کے بہانے لیا اور فرار ہوگئے۔ متاثرہ ترک شہری کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ 372/2023 دفعہ 170،172،420،382/34 PPC درج کرکے واقعہ میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے