وزیراعلیٰ سندھ کی صوبے بھر میں 40 ٹول پلازوں پر CCTV کیمروں کی تنصیب کیلئے پروجیکٹ کی منظوری
ایک ارب 56 کروڑ روپے سے سندھ ٹول پلازہ سرویلنس پروجیکٹ کی منظوری،ہائی ڈیفینیشن سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائینگے
سی سی ٹی وی کیمروں میں میں بلیک لسٹ گاڑیوں اور مجرموں کے لیے سینٹرالائزڈ مانیٹرنگ اینڈ الرٹ سسٹم ہوگا۔آئی جی سندھ کی بریفنگ
تفتیش کاروں کی حوصلہ افزائی کیلیے منصوبہ بنایا جائے تاکہ وہ مقدمات کی صحیح تفتیش کریں اور عدالت میں درست ثابت کرسکیں، مراد علی شاہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاو¿س میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سندھ کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی انتظامات بڑھانے کے حوالے سے صوبے کے 40 ٹول پلازوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لیے ایک ارب 56 کروڑ روپے سے سندھ ٹول پلازہ سرویلنس پروجیکٹ کی منظوری دے دی۔اجلاس میں آئی جی پولیس غلام نبی میمن، سیکریٹری داخلہ سعید منگنیجو، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، ایڈیشنل آئی جی (انوسٹی گیشن) منیر شیخ، سیکریٹری خزانہ ساجد جمال ابڑو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں داخلی راستوں پر سیکیورٹی بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں 40 ٹول پلازے ہیں جہاں مناسب نگرانی کو یقینی بنانے کےلیے ہائی ڈیفینیشن (ایچ ڈی) سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں۔اجلاس کے دوران آئی جی پولیس غلام نبی میمن نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ان کے محکمے نے ایک ارب 56 کروڑ روپے کا سندھ ٹول پلازہ سرویلنس پروجیکٹ تیار کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں میں فل فریم (ایف آر) اور آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن (اے این پی آر) کی صلاحیت موجود ہوں گی جن میں بلیک لسٹ گاڑیوں اور مجرموں کے لیے سینٹرالائزڈ مانیٹرنگ اینڈ الرٹ سسٹم ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے تفصیلی غور کے بعد اسکیم کی منظوری دی اور آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو جلد از جلد شروع کیا جائے۔اجلاس میں تفتیش کاروں کو تفتیشی الاو¿نس دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تفتیش کاروں کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے ایک منصوبہ بنایا جائے تاکہ وہ مقدمات کی صحیح تفتیش کریں اور انہیں عدالت میں درست ثابت کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ میں تفتیش کاروں کو تفتیشی الاو¿نس دینا چاہتا ہوں۔ اس پر سیکریٹری داخلہ سعید منگنیجو نے کہا کہ اس حوالے سے اسکیم تیار کرکے محکمہ خزانہ کو بھیج دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے سیکریٹری خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ اسکیم کو فوری طور پر منظوری کے لیے بھیجیں۔آئی جی پولیس نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری سے جدید ترین فیلڈ ہتھیاروں اور نگرانی کے آلات کی خریداری کے لیے 2 ارب 70 کروڑ روپے کی اسکیم تیار کر کے محکمہ داخلہ کے ذریعے محکمہ خزانہ کو بھجوائی گئی ہے۔اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے اسکیم کی منظوری دے دی ہے اور چاہتے ہیں کہ پولیس کچے کے علاقے سے ڈاکوو¿ں کا مکمل خاتمہ کرے