لاہور : وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چینی کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی منظوری دیدی۔وہ چینی کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے بارے میں لاہور میں منعقدہ اعلی سطح اجلاس کی صدار ت کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو اسمگلروں، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، عوام کو ستانے والوں سے حساب لیں گے۔ اسمگلنگ کے تدارک کیلئے وزیراعظم نے آج اسلام آباد میں اعلی سطحی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں چینی ودیگر اشیاء کی اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے ملک گیر کارروائی کی حکمت عملی تیار ہو گی۔ وزیراعظم نے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کو صوبے میں چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کیلئے موثر اقدامات اور نگرانی کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی تاکہ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں سے پکڑی جانے والی چینی عوام کو معیاری قیمت پر فراہم ہو سکے۔
Loading...