پیپلز پارٹی کے دباؤ میں کراچی والوں کو نہ گننے کا فیصلہ غلط ہے، آفاق احمد

ایم کیو ایم کے حکومت سے چمٹے رہنے کا مہاجروں کو کوئی فائدہ نہیں،

کراچی ( پ ر) پیپلز پارٹی کے دباؤ میں وفا ق نے کراچی والوں کی مردم شماری میں پوری گنتی نہ کرنے کافیصلہ کرلیا ہے،یہ بات آفاق حمد نے سندھ اربن گریجویٹ فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی مردم شماری کے آنے والے نتائج میں کراچی دنیا کا واحد پورٹ اور انڈسٹریل سٹی ہوگا جسکی آبادی بڑھنے کے بجائے کم دکھائی جائے گی۔آفاق احمدنے کہا کہ وفاق اور اسٹیبلشمنٹ نے عمران سے نمٹنے اور اس مقصد کیلئے پیپلزپارٹی کی حمایت برقرار رکھنے کیلئے کراچی کا مستقبل پیپلز پارٹی کے رحم و کرم پر چھوڑدیا ہے، اور یہ بات حکومت میں شامل تمام جماعتوں کو اچھی طرح معلوم ہے لیکن عوام کی آنکھ میں دھول جھوکنے کیلئے صوبائی اور قومی حکومت کو اعتماد میں لیکر باہمی رضامندی سے مردم شماری کے ممکنہ نتائج کے خلاف کھوکھلی بیان بازی کی جارہی ہے۔ آفا ق احمد نے کہا کہ جس وقت عمران حکومت میں مہاجروں کو ملازمتوں سے محروم رکھنے کیلئے کوٹہ سسٹم غیر معینہ مدت کیلئے پھر سے مسلط کیا گیا اس وقت بھی متحدہ حکومت میں وزارتوں کے ساتھ موجود تھی لیکن مہاجروں کے خلاف اس اقدام پر حکومت سے علیحدہ ہونے کے بجائے صرف اختلافی نوٹ لکھ حکومت سے چمٹی رہی،آج بھی مردم شماری پر نتائج سے آگاہ ہونے کے باوجود متحدہ بیان بازی سے مہاجر عوام کے ساتھ ہونے والی اس زیادتی پر دکھ کا ڈھونگ کررہی ہے،اگر متحدہ مہاجروں کیساتھ مخلص ہے تو اسے مہاجروں کو مردم شماری میں شمار نہ کرنے پرصوبائی اور وفاقی حکومتوں سے علیحدہ ہوجانا چاہیے متحدہ کا حکومت سے چمٹے رہنے کا چندافراد کو فائدہ ہوسکتا ہے مہاجروں کو اسکا کوئی فائدہ نہیں۔ آفاق احمد نے کہا کہ کراچی والوں کا مردم شماری میں گنتی نہ کرنا انتہائی سنگین غلطی ہوگی جسکے مستقبل میں بھیانک نتائج سامنے آئینگے۔ آفاق احمد نے کہا کہ یہ ایک قدرتی عمل ہے کہ لوگ صنعتی شہر میں روزگار کیلئے آتے ہیں اور سکونت اختیار کرتے ہیں جسکی وجہ سے دنیا میں صنعتی شہروں کی آبادی دوسرے شہروں سے کئی گنا تیزی سے بڑھتی ہے،کراچی جیسے صنعتی شہر کی آبادی پوری گنتی کرنے کے بجائے کم کرکے دکھانے سے مستقبل میں عالمی برادری پاکستان کے ہر عمل کو شک کی نگاہ سے دیکھے گی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*