
لاہور (23 فروری 2026): جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے ڈکی بھائی کے فریز بینک اکاؤنٹس بحال کر دیے۔
پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ سمیت دیگر کے خلاف جوا ایپ کی پروموشن کے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے نہ صرف ان کے فریز بینک اکاؤنٹس بحال کر دیے بلکہ عدالت نے ڈکی بھائی کو یوٹیوب پر ویڈیو اپلوڈ کرنے کی مشروط اجازت بھی دے دی۔
عدالت نے کہا آپ کی 27 ویڈیوز پر این سی سی آئی اے کو اعتراض ہے وہ ڈیلیٹ نہیں کریں گے، عدالت نے آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے کے گواہوں کو طلب کر لیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی پر سماعت 11 مارچ تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی حالیہ دنوں میں اس وقت توجہ کا مرکز بن گئے تھے جب انھیں 16 اگست 2025 کو ملائیشیا میں ایک ایونٹ کے لیے روانگی سے قبل اہلیہ کے ہمراہ ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے حراست میں لے لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انھیں تین ماہ جیل میں گزارنا پڑے اور بالآخر رہائی سے قبل ایک ایف آئی اے افسر کو مبینہ طور پر بھاری رقم بھی ادا کرنا پڑی۔
گزشتہ ماہ کے آخر میں ڈکی بھائی نے 10 ملین سبسکرائبرز کا سنگِ میل بھی عبور کر لیا تھا۔
