
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مشاہد انور کی گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمٰن اور نگراں وزیرتجارت ایس ایم تنویر سے ملاقاتیں

لاہور( نیوز ڈیسک) گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمٰن سے یونیورسٹی آ ف گجرات کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مشاہد انور نے گورنرہاو¿س میں ملاقات کی ہے اوراعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی اورملک میں اعلیٰ تعلیم کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ گورنر پنجاب نےڈاکٹر مشاہد انور کی بے مثال قیادت میں یونیورسٹی آ ف گجرات کی کامیابیوں اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے ضمن میں کی جانے والی کوششوں پر اطمینا ن کا اظہار کیا اور جامعہ گجرات کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی، گورنر نے ڈاکٹر مشاہد کو طلبا کے لیے مزید بسوں کی فراہمی اور یونیورسٹی میں جاری ریسرچ و ڈیولپمنٹ پر وجیکٹس کے لیے مزید فنڈز کی فراہمی کا بھی یقین دلایا۔ ملاقات کے دوران گجرات کے سابق میئر حاجی ناصر عباس اور گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وقار ایوب بھی موجود تھے۔دریں اثنا یونیورسٹی آف گجرت کے وائس چانسلر ڈاکٹر مشاہد انور نے نگراں وزیرپنجاب برائے زراعت، صنعت ، تجارت، سرمایہ کاری اور اسکل ڈیولپمنٹ ایس ایم تنویر سے بھی ملاقات کی جس میں نگراں وزیر نے انہیں یونیورسٹی آف گجرات میں 200ملین روپے کی لاگت سے انڈسٹریل پارک تعمیر کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وائس چانسلر نے صوبائی وزیر سے ملاقات یونیورسٹی آف گجرات کی جانب سے صنعت کے ساتھ تعلیمی ادارو ں کے روابط مستحکم کرنے کی کوششوں کے طور پر کی تھی۔،ملاقات میں نگراں صوبائی وزیر نے یونیورسٹی آف گجرات کے وائس چانسلر ڈاکٹر مشاہدانور کی ان کوششوں کو سراہا جو وہ صنعتوںاور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط روابط کے سلسلے میں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
