
کراچی (24 مارچ 2026): کراچی پولیس نے آئندہ ہفتے سے غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔
ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایات پر عوام الناس کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر حکومت کی منظور شدہ نمبر پلیٹس لازمی طور پر نصب کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ پرائیویٹ، فینسی یا غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کا استعمال قانوناً ممنوع ہے جس سے نہ صرف شناخت میں مشکلات پیش آتی ہیں بلکہ سکیورٹی خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق شہر میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کیلیے 30 مارچ 2026 سے پولیس کی جانب سے باقاعدہ کریک ڈاؤن مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، اس مہم کے دوران پرائیویٹ یا فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید کہا گیا کہ تمام شہریوں سے اپیل ہے کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلیے فوراً اپنی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس درست کروا لیں اور صرف سرکاری نمبر پلیٹس ہی استعمال کریں۔
