
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں جاری گرمی کی لہر میں کل سے کمی متوقع ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کل سے گرم اور مرطوب موسم کی شدت میں کمی آ جائے گی اور شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔
ادھر موسمیاتی تجزیہ کارجوادمیمن کا کہنا ہے کہ گرم اور مرطوب موسم کا باعث بحیرۂ عرب میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ ہے، یہ ہوا کا کم دباؤ بہت جلد ختم ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں آج رات سے سمندری ہوائیں بحال ہونا شروع ہوں گی، آنے والے دنوں میں مختلف علاقوں میں صبح اور رات میں بوندا باندی جاری رہ سکتی ہے۔
کراچی میں شدید گرمی اور حبس برقرار ہے، محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ شہرِ قائد کی فضا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔
تھر پاکر، عمر کوٹ اور بدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔