
کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں تاحال معطل ہیں، دن بھر موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد میں مطلع جزوی ابرآلود ہے،آج بھی بوندا باندی کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ہے۔
آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر کا چھٹا الرٹ
محکمہ موسمیات کے ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے چھٹا الرٹ جاری کردیا۔
بحیرہ عرب میں ڈپریشن شدت اختیار کرکے طوفان میں تبدیل ہوگیا، طوفانی شکتی کراچی سے تقریباً 360 کلو میٹر جنوب میں موجود ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ سندھ، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، کراچی میں آج اور کل کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے ساحلی علاقوں کے قریب 40 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوائیں چلنے کا امکان ہے، ماہی گیروں کو 5 اکتوبر گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی۔
طوفان کے مرکز کے قریب ہواؤں کی رفتار 125 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، 6 اکتوبر تک بحریرہ عرب میں سمندر کی صورت حال انتہائی خطرناک رہے گی۔
