
کراچی : پیرمحمد شاہ کو ایک بار پھر ڈی آئی جی ٹریفک تعینات کردیا گیا ، اس سے قبل مظہرنواز شیخ کو ڈی آئی جی ٹریفک کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک نظام بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پیر محمد شاہ کو ایک بار پھر ڈی آئی جی ٹریفک تعینات کر دیا گیا۔
حکام نے بتایا پیر محمد شاہ کو 30 جنوری کو ایس این جی ڈی بھیجا گیا تھا، جس کے بعد مظہر نواز شیخ کو ڈی آئی جی ٹریفک کا اضافی چارج دیا گیا تھا تاہم اب مظہر نواز شیخ دوبارہ اپنے عہدے بطور ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سنبھالیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پیر محمد شاہ آج سے بطور ڈی آئی جی ٹریفک اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، اس حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ سندھ نے ٹریفک کی صورتحال پر سخت برہمی اور پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا، جبکہ ہدایت کی گئی تھی کہ رمضان کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس نے ضلعی پولیس سے مدد لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
