
کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل عید کے موقع پر گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کردی، جس کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کل سے بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں آج موسم خشک رہے گا اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد تک پہنچنے کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہےتاہم زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ شہر میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئے گی، جو عید کی خوشیوں کو دوبالا کر سکتا ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں آج تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کا بھی اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب اور سندھ میں آندھی اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بارش اور آندھی کے دوران بجلی کے کھمبوں اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔
