کراچی: نادرا کے نام پر اوورسیز پاکستانی سے فراڈ، گلستان جوہر میں نائیکوپ فیس کے نام پر ہزاروں روپے ہتھیانے کا انکشاف

کراچی : شہر قائد میں نادرا کے نام پر فراڈ کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ، اوورسیز پاکستانی نے شکایت درج کرادی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو ایک اوورسیز پاکستانی کی جانب سے نادرا کے نام پر فراڈ کی شکایت موصول ہوئی۔

شکایت کنندہ محتسم عاصم صدیقی نے بتایا کہ وہ لندن میں مقیم ہیں اور جنوری میں کراچی آئے تھے، جہاں انہیں گلستان جوہر بلاک 18 قاسم کمپلیکس میں نادرا دفتر کا پتہ چلا۔

محتسم عاصم صدیقی کا کہنا تھا کہ دفتر میں انہیں بتایا گیا کہ نائیکوپ بنانے کی فیس 48 ہزار روپے ہے، جس کے لیے انہوں نے اپنے اور اپنی بیوی کے لیے 97,700 روپے ادا کیے، بعد میں نادرا کی آفیشل ویب سائٹ پر معلوم ہوا کہ اصل فیس صرف 20,400 روپے ہے۔

شکایت کنندہ نے کہا کہ دوبارہ دفتر جانے پر انہیں بتایا گیا کہ ان کا تعلق نادرا سے نہیں ہے، جس سے واضح ہوا کہ فراڈ کیا گیا ہے اور اضافی رقم ہتھیائی گئی۔

عاصم صدیقی کا کہنا تھا کہ فراڈ کے لئے نادرا کا نام بھی استعمال کیا گیا ، نادرا کا نام استعمال کرکے رقم ہتھیانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔

حکام نے بتایا کہ متاثرہ شہری کی درخواست موصول ہوچکی ہے اور جائزہ لیا جا رہا ہے، نادرا کے نام پر فراڈ کے شواہد ملے تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*