
کراچی (08 فروری 2026): شہر قائد میں سردی کا زور ٹوٹ گیا ہے، صبح سویرے خنکی اور دن بھر موسم گرم رہنے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 64 فی صد ریکارڈ کیا گیا ہے، اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر میں آج بوندا باندی کا امکان ہے، مطلع جزوی سے مکمل طور پر ابر آلود رہے گا، اور نمی کا تناسب بڑھنے سے بادلوں کی تشکیل ہو سکتی ہے۔
دریں اثنا، مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا ہے، اگلے تین روز کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔
پنجاب کے جنوبی اضلاع میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، مری اور گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
